پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے والوں کا نام ای سی ایل ڈالنے کے عمل کو خوش آئند ہے ، جنرل سیکریٹری

243

: کراچی

کرپشن اور ادارے کی لوٹ مار میں ملوث لوگوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال کر دم لیں گے، یاسین جامڑو
ہم پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں محنت کشوں کے جائز مسائل حل ہونے کی بھرپور اُمید کرتے ہیں
شفٹ گیٹ گراؤنڈ میں ہزاروں ملازمین اور محنت کشوں سے پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین (سی بی اے ) کے عہدیداروں کا خطاب
پاکستان اسٹیل کا پُرامن صنعتی ماحول خراب کرنے والوں سے ادارے کے جفا کش ملازمین خودحساب لیں گے۔
کراچی، 21 فروری2018 ء: پاکستان اسٹیل میں آج صبح شفٹ گیٹ نمبر۔3 پر پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین(سی بی اے) کے جنرل سیکریٹری، یاسین جامڑو نے ہزاروں ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں محنت کشوں کے جائز مسائل حل ہونے کی بھرپور اُمید کرتے ہیں۔ انشاء اللہ اِن مسائل کے حل سے پاکستان اسٹیل میں روشنی کی ایک نئی کرن پھوٹے گی اور پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے ادارہ ایک بار پھر اپنی آب و تاب کے ساتھ رواں دواں ہوگا اور پاکستان اسٹیل کا مزدور خوشحال ہوگا اور اس کی چمنیوں سے ایک بار پھر دھواں اُٹھے گا۔ اِ س موقع پر پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین(سی بی اے) کے صدرسرور نیازی، انفارمیشن سیکریٹری شیراز جٹ، نذیر جان، سیلم احمد و دیگر مرکزی عہدیداران نے بھی ملازمین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اسٹیل کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے اور اس کی بحالی میں جن غیر نمائندہ افراد نے مشکلات کھڑی کیں ہیں اِن کے عزائم کو محنت کشوں کے تعاون سے مل کر ناکام بنائیں گے کیونکہ انہوں نے نہ تو پہلے خود کچھ کیا اور نہ اب ہمیں کچھ کرنے دینا چاہتے ہیں۔
سی بی اے جنرل سیکریٹری ، یاسین جامڑو نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی کرپشن میں ملوث افراد کو ہم جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال کر دم لیں گے۔انہوں نے نیب کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی کرپشن میں ملوث افراد کا ECL میں نام ڈالنے کے عمل کو خوش آئندہ اقدام قرار دیا ۔ کیونکہ آج جنہوں نے اس ادارے کو تباہ و برباد کرکے اس نہج پر پہنچایا ہے وہ خود تو مزے کررہے ہیں اور پاکستان اسٹیل کا مزدور گذشتہ3 سال سے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے اور اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے۔ہم محنت کشوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں۔ الحمد اللہ پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین (سی بی اے ) نے ماہانہ بنیادوں پر تنخواہوں کو ریگولر کرادیا ہے، پاکستان اسٹیل کے وفات پاجانے والے ملازمین کے بقایا جات کا دیرینہ مسئلہ حل کراکر اِن کو ادائیگی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے اور پاکستان اسٹیل کی چمنیوں سے دھواں نکالنے کے وعدے کی تکمیل کے لئے مورخہ 22 اور23 فروری2019 ء کو پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کے اَصل اور قانونی اسٹیک ہولڈر ادارے کے ملازمین اور موجودہ اجتماعی سودا کار یونین(سی بی اے ) ہے لہذا ہماری مشاورت کے بغیر کوئی بھی فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ہم بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلشن حدید فیز۔IV جو کہ پہلے ہی بورڈ آف ڈائریکٹرز اور MDA سے منظور شدہ ہے اس کا فوری طور پر اجراء کیا جائے ، نیز گلشن حدید فیز۔I, II ایکسٹینشن اور فیز۔III کے ڈیویلپمنٹ کے کاموں کو مکمل کیا جائے ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی کئی سالوں سے رُکے ہوئے پے اسکیل کو دوبارہ اَپ گریڈ کیا جائے جو اِن کا بنیادی حق ہے۔
اس موقع پر پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکریٹری یاسین جامڑو اور دیگر مرکزی عہدیداران نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اعظم کے مشیربرائے صنعت و پیداوار/تجارت عبدالرزاق داؤد کا بے شکریہ ادا کیا کہ جنہوں اس قومی ادارے کی بحالی کے لئے مثبت قدم اُٹھاتے ہوئے اسے وفاقی کابینہ سے منظور کرایا، ملازمین کی تنخواہوں کو ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی اور وفات پاجانے والے محروم ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے رقم جاری کرکے اس کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ممکن بنایا۔