لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فریداحمد پراچہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ بھارت کے جارحانہ رویے کا منہ توڑ جواب دینا ضروری ہے اور ایسے وقت میں کہ بھارت طبل جنگ بجارہاہے ، جنونی ہندوؤں نے پاکستانی قیدی کو جیل میں وحشیانہ طریقے سے شہید کردیا ہے اور سیاحت پر گئے پاکستانی شہریوں کو بری طرح ہراساں کیا جارہاہے ۔ ایسے میں بھارت کو پلوامہ حملے کی تحقیقات کی پیش کش اور مذاکرات کی دعوت جیسے اقدامات قوم کے جذبات کے مطابق نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی متعصب حکمران لاتوں کے بھوت ہیں ۔ پاکستانی قیدی کا معاملہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں میں اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم متحد ہے اور تمام اختلافات کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے مقابلے میں اظہار عزم میں حکومت اپوزیشن اور قوم کے تمام طبقات متحد ہیں ۔