بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلیے پوری قوم متحد ہے ،عمران رشید

43

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی ) جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرعمران رشیدنے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد اور یک جان ہے۔ بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ بھارت کی قیادت ہوش کے ناخن لے اور انسانوں کے خون کی ہولی کا کھیل بند کرے۔ نریندر مودی انتخابات جیتنے کے لیے پورے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونک دینا چاہتاہے۔ عالمی برادری ظالم کا ہاتھ روکے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم بھارتی مال کا بائیکاٹ کر دے۔ حکومت بھارت سے مال منگوانے اور ثقافتی طائفوں پر پابندی عائد کردے۔ بھارتی فلموں کی نمائش بند کردی جائے اور بھارت سے آلو ٹماٹر کی درآمد کا خاتمہ کر دیا جائے۔ تاجر برادری آگے بڑھے اور بھارت سے مال کے سودے منسوخ کردے۔ تاجر برادری کا جذبہ قوم کے حوصلے بڑھا دے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بھارت اور بھارتی کھلاڑیوں سے کوئی توقعات نہ رکھیں۔ واضح اور دوٹوک پالیسی بنائیں اور قومی قیادت و پارلیمنٹ کو متحد اور ایک پیج پر لائیں۔ حکومت اور وزرا کا رویہ قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہے۔
مانسہرہ ، جیپ کھائی میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا
مانسہرہ (اے پی پی) گڑھی حبیب اﷲ سے بنی جانے والی جیپ کھائی میں گرنے سے مسکین نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ گڑھی حبیب اﷲ سے بنی سواریاں لیکر جانے والی جیپ فنی خرابی کی وجہ سے گہری کھائی میں گرنے سے گاڑی میں سوار بنی کا رہائشی مسکین نامی شخص شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول ہسپتال گڑھی حبیب اﷲ لایا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ گیا۔ نعش کو ان کے آبائی گاؤں بنی روانہ کر دیا گیا جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔