اینگرو فوڈز ملک میں دودھ کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، ڈاکٹر ناصر
یو وی اے ایس کے تحت ای ایف ایل کے تعاون سے انٹرنینشل بفالو کانفرنس، ماہرین نے شرکت کی
کراچی: یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے زیرِ اہتمام اینگرو فوڈز کے تعاون سے مقامی ہوٹل مین دودھ اور گوشت کی افادیت پر انٹرنیشنل بفالو کانفرنس (آئی بی سی) کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمانِ خصوصی تھے۔ کانفرنس میں ڈیری فارمز سیکٹر کے 750 ماہرین ، صوبائی وزیر لائیو اسٹاک، اینگرو فوڈز کے سینئر مینجر سائنٹفک اینڈ ریگولیٹری افیئرز ڈاکٹر محمد ناصر و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیری سیکٹر کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ڈیری سیکٹر میں فارمنگ کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے۔ اینگروفوڈز کے سینئر مینیجر ڈاکٹر محمد ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اینگرو فوڈز ملک میں دودھ کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
ہمیں ڈیری سیکٹر میں ملک کا دوسرا اور دنیا بھر میں چھٹا بڑا ادارہ مانا جاتا ہے۔ 32 سے زائد ممالک میں ہماری پراڈکٹ دستیاب ہیں۔ کانفرنس میں ماہرین نے دودھ کی اہمیت و افادیت، اس کو محفوظ بنانے، جراثیم سے بچانے اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق اس کو ڈبوں میں پیک کرنے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ علاوہ ازیں اینگرو فوڈز کی جانب سے ایگزیبیشن اسٹالز پر اولپرز و دیگر پراڈکٹ پیش کی گئیں۔