کرپشن میں کمی سے زیر زمین معیشت کا حجم کم ہو جائے گا، شاہد رشید بٹ

218

بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں

نجی شعبہ اورٹیکس بار ایسوسی ایشنز سے رائے لے کر فوری عمل درامد کیا جائے

کراچی :اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تاجر برادری حکومت کی جانب سے بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کے لئے بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ کو فعال کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔یہ کرپشن میں کمی اور معیشت کی دستاویز بندی کی طرف اہم قدم ہے۔اس فیصلے سے سرمائے کا رخ پیداواری شعبوں کی طرف ہو جائے گا جبکہ زیر زمین معیشت کا حجم کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ اس سلسلہ میں نجی شعبہ اورٹیکس بار ایسوسی ایشنز سے بھی رائے لی جائے اور فیصلے پر فوری عمل درامد کیا جائے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اس قانون کی زر میں آنے والوں کو ایمنسٹی سکیم نہ دی جائے جبکہ عمل درامد میں روڑے اٹکانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے

جبکہ اس قانون کا دائرہ وسیع کیا جائے اور جرمانے کی شرح میں اضافہ کیا جائے تاکہ شئیرز، زیورات، غیر ملکی کرنسی اور دیگر شعبوں میں بے نامی سرمایہ کاری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جا سکے جبکہ بے نامی دار(جن کے نام پرغیر قانونی اثاثے رکھے جاتے ہیں) کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے تاکہ ان کی حوصلہ شکنی ہو۔