اعلیٰ اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم بناؤ کے بجائے بگاڑ کا سبب بنتی ہے

122

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خاں نے کہا ہے کہ تعلیم اور تربیت لازم و ملزوم ہیں جبکہ اعلیٰ اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم بناؤ کے بجائے بگاڑ کا سبب بنتی ہے ہمیں نئی نسل کی تربیت ایسے خطوط پر کرنی ہوگی جس سے پیدا ہونے والا طالب علم ایک اچھا سائنسدان، ڈاکٹر، انجینئر اور سیاستدان بننے کے علاوہ اچھا انسان اور مسلمان بھی ہو۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مقامی میرج ہال الحرمین سکول کے سالانہ جلسہ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی نائب ناظم منہاج القرآن انجینئر محمدرفیق،جماعت اسلامی پی پی112کے رہنما حاجی کرامت علی ،احمد کرامت ، امانت درویش اوردیگر نے پوزیشن ہولڈرزطلبہ طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔راناعدنان نے کہا کہ طلبہ ، والدین اور اساتذہ تعلیمی شعبے کے اہم ترین ستون ہیں ان میں سے جو بھی ستون کمزور ہوگا تو اس کا اثر پورے نظام پر پڑے گا اُنہوں نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی اگر بہتر خطوط پر تعلیم و تربیت کی جائے تو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جس نے عرب جیسے پرآشوب خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنا دیا تھا مگر بدقسمتی سے آج د نیا بھر میں دہشت گردی کا سبب بننے والے ممالک بھی مسلمانوں کو دہشت گردی کے طعنے دے رہے ہیں جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اوراتفاق پیدا کر کے ملک و قوم کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔