جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر و دیگر حریت قیادت کیخلاف کریک ڈاؤن قابل مذمت ہے، امیر العظیم

124

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے بھارتی فورسز کی جانب سے امیر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر، مقامی رہنماؤں، کارکنان اور دیگر حریت قیادت کیخلاف کریک ڈاؤن کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ بھارت کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کررہا ہے، اس کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، ایڈووکیٹ زاہد علی، غلام قادر لون، عبدالرؤف، لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک سمیت تمام گرفتار حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت تحریک آزادی پورے عروج پر ہے۔ بھارت کی تمام تر کوششوں اور حربوں کے باوجود کشمیریوں کی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ آج بھی بھارتی عقوبت خانوں میں کشمیر کی آزادی کا خواب دیکھنے والے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت کشمیری عوام پر ظلم کے تمام حربے آزما چکا ہے لیکن اس کے باوجود وہاں تحریک آزادئ کشمیر تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مسلسل کرفیو اور ریاستی دہشت گردی سے بھی کچھ حاصل نہیں ہوسکا۔ کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کے سامنے بھارتی فوج بے بس دکھائی دیتی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اپنا غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔