جارحانہ عزائم نہیں، دفاع کرنا جانتے ہیں، صدر عارف علوی

241
ااسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی معیشت اور ٹیکنالوجی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
ااسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی معیشت اور ٹیکنالوجی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مضبوط عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے کے لحاظ سے سب سے آگے ہیں اور مادر وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی، ہم کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے لیکن اپنے ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیسے لڑنی ہے، یہ ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔ وہ منگل کو بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’انٹرنیشنل کانفرنس آن میڈیا اینڈ کنفلیکٹ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان پیس کولیکٹیو (پی پی سی) کی جانب سے کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشروں میں مختلف تنازعات جنم لیتے رہتے ہیں اور ان تنازعات کو ابھارنے یا حل کرنے میں میڈیاکا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے سرحد پر اشتعال کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے جو خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ بھارت کے اندر ہوتا ہے اور اس کاالزام پاکستان پر عاید کردیا جاتا ہے جو بلاجواز ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس صورتحال میں واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور یہ پاکستانی عوام کی آواز ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا عزم بہت مضبو ط ہے، یہ اپنے تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے لحاظ سے دنیا میں سب سے آگے ہیں اور ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔ صدر مملکت نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں یہ بروقت اقدام ہے، تنازعات میں میڈیا بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جہاں یہ مبصر کے ساتھ ساتھ اکثر اوقات ایک کردار کے روپ میں بھی سامنے آتا ہے۔ انہوں نے عراق کے مسئلے پر میڈیا کی جانب سے جنگی ماحول پیدا کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کی بنیاد پر یہ تنازع پیدا کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ لوگوں میں اپنی ساکھ قائم کرے، پیغام رساں پر اعتماد نہ ہو تو پیغام کی اہمیت نہیں رہتی۔