پاک بھارت کشیدگی پر پاکستانی فنکاروں کے ٹویٹس

194
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے ایسے میں دونوں ممالک کے فنکار ، کھلاڑی اور سماجی شخصیات بھی سوشل میڈیا پر محاذ سنبھالے ہوئے ہیں۔ جہاں بھارتی فنکار بھارتی فوج کو جنگ پر اکساتے نظر آ رہے ہیں وہیں پاکستانی فنکار امن کی بات کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔ چند پاکستانی فنکاروں کے ٹویٹس ملاحظہ ہوں۔
معروف مصنفہ فاطمہ بھٹو نے ٹویٹ کیا : جنگ کے لیے اکسانے سے زیادہ بدصورت کوئی چیز نہیں ہو سکتی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے لکھا : جنگ کے لئے اکسانے سے زیادہ جاہلانہ عمل کوئی نہیں۔ میری خواہش ہے کہ عقل مندی سے کام لیا جائے۔ پاکستان زندہ باد۔
ماورا حسین نے کہا : انسانی جانوں کا ضیاع ہوجائے تو جنگ میں کوئی نہیں جیتتا۔ ہمیں اس بات کو سمجھنا ہوگا اور میڈیا کو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے جنگ کے لئے اکسانا بند کرنا ہو گا۔ ہمیں امن کے لیے کام کرنا ہوگا اور اپنے الفاظ کو بہتر مقصد کے لیے استعمال کرنا ہوگا۔
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ٹویٹ کیا : امن اور انڈر سٹینڈنگ ہی دنیا کی ضرورت ہے۔ کوئی انسانی جان اتنی ارزاں نہیں کہ اسے جنگ میں ضائع کر دیا جائے۔
یوٹیوبر زید علی نے لکھا : جو لوگ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ کی بات کررہے ہیں انہیں گھر سے نکال کر آپس میں لڑوا کر جنگ کر وا دینی چاہیے۔ رد کرنا بہت آسان ہے لیکن ان لوگوں کے بارے میں سوچئے جو ایسی کسی ممکنہ جنگ کی صورت میں اپنی جان ہار جائیں گے۔
منشا پاشا نے کہا : بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے جنگ اور تباہی کے باتیں کرنا بہت افسوسناک ہے۔ یہ لوگ فنکار نہیں بلکہ کارپوریٹ مشینیں ہیں جو ہوا کے رخ پر چلتی ہیں۔
اینکر پرسن ماریہ میمن نے ٹویٹ کیا : دونوں ملک جنگ کرنے کی اہلیت رکھتے رہے لیکن جنگ کا مطلب پالیسی کی ناکامی ہے۔ہم کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے۔
منصور علی خان نے لکھا : دو انڈین طیاروں کو تباہ کرنے کے بعد بھی پاکستان امن کی بات کر رہا ہے۔آئیے اس جنگی جنون کو ختم کریں اس سے پہلے کہ یہ کنٹرول سے باہر ہو جائے۔
گلوکار ہارون نے ٹویٹ کیا : جو لوگ جنگ پر خوشیاں منا رہے ہیں وہ کبھی جنگ کا حصہ نہیں بنے ، اور جو جنگ کا حصہ بنتے ہیں وہ کبھی خوشیاں نہیں منا سکتے۔
اداکار ہمایوں سعید نے کہا : ہمیں اپنے ملک اور فوج سے محبت ہے لیکن آگے بڑھنے کا راستہ صرف امن میں ہے۔پاکستان زندہ باد۔