بھارت کو فوری” منہ توڑ ” جواب دیکر پاکستانی فوج سرخرو ہوگئی 

123

کراچی ( تجزیہ : محمد انور ) بھارتی طیاروں کی دوسری جنگی کارروائی کا پاکستان کی فضائیہ نے ” منہ توڑ ” جواب دے کر محض چند گھنٹے پہلے جو کہا تھا وہ کر دکھایا۔ ایسا کرتے ہوئے پاکستانی فوج نے صرف چوکنا رہنے کا ہی ثبوت نہیں دیابلکہ یہ بھی ثابت کر دیا کہ وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔ خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے قریب پیر کو بھارتی فوج کی دراندازی پر “جسارت ” کی تجزیاتی رپورٹ میں بھی یہ کہہ دیا گیا تھا کہ ” بھارت نے دراندازی کرکے خود جنگ شروع کی ، نقصان بھی اسی کا ہوگا ” اور پھر منگل کی صبح ایسا ہی کچھ ہو گیا۔ یادرہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بدھ کو کہا کہ ” بھارتی طیاروں نے آج صبح کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی طیارے مار گرائے “۔ ان کے مطابق دونوں بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔ صرف 36 گھنٹوں سے قبل بھارتی فوج کی اس جنگی کارروائی سے ایسا گمان ہوتا ہے کہ اس نے پاک فوج کو اپنی طرح کی بزدل اور غیر چوکس سمجھا ہوا تھا۔ تاہم بھارتی فضائیہ کے سابق چیف کے ونگ کمانڈر کے بیٹے ابھے نندن کا اس کارروائی کے لیے انتخاب سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایکشن منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا۔ ابھے نندن بھارتی فضائیہ کے ماہر افسر مانے جاتے ہیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کے ماہر افسر کو ناکام کارروائی کے بعد جہاز سمیت گرائے جانے کے بعد اسے مقامی لوگوں کے اشتعال سے بچاکر اس کا دل جیت لیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ابھے نندن نے پاک آرمی کے کردار کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ پاکستان آرمی نے ایسا کرکے فضائی جنگ کے ساتھ اخلاقی جنگ بھی جیت لی۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار آزاد کشمیر کے مقامی لوگوں کے غصے سے بھارتی ونگ کمانڈر کو نہیں بچایا جاتا تو عین ممکن تھا کہ وہ اسے شدید نقصان پہنچاتے بلکہ وہ کچھ کر جاتے جو بھارت میں مسلمانوں خصوصا کشمیریوں کے ساتھ وہاں کی فورسز کیا کرتی ہیں۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ بھارتی فضائیہ کی اس کارروائی کو ناکام بنانے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کو امن کا پیغام دے کر پوری صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنے خلوص کا بھی اظہار کیا ہے۔ یقیناًوزیراعظم عمران خان کے قوم کے اس خطاب اور ان کے بھارت کو پرامن رہنے کے مشورے کو دنیا بھر میں سراہایا جارہا ہوگا۔ دوسری طرف بھارت میں پاکستان کے خلاف دوسری جارحانہ کارروائی پر مودی حکومت کے خلاف نفرتیں بڑھنے کی بھی اطلاعات آرہی ہیں۔ بھارتیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کرنے اور دنیا بھر میں بھارت کا مذاق اڑوانے کے ذمے دار نریندرمودی اور ان کی حکومت ہے۔ خیال ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے مودی کی پالیسیاں انہیں سیاست سے کنارہ کرنے پر مجبور کردے گی۔