مچھلیوں پر نظر رکھنی پڑے گی!

153

سوئس ماہرین نے چھوٹی زیبرا مچھلیوں کی جاسوسی کرنے والی ایک روبوٹ مچھلی تیار کی ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے ای کول فیڈرل پولی ٹیکنک ادارے( ای پی ایف ایل) میں روبوٹکس کےماہرین نے یہ مچھلی تیار کی ہے جو دھندلے پانیوں میں زیبرا مچھلیوں کے ساتھ تیرتے ہوئے خود بھی ان سے رابطے کی کوشش کرے گی، تیرنا سیکھے گی اور مچھلیوں کے غول پر اثرانداز ہونے کی سعی کرے گی۔
انجینئرز کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ ہوبہو زیبرا فِش جیسی ہے جس کی لمبائی 7 سینٹی میٹر ہے ۔ اس کی بناوٹ اور رنگت بھی زیبرا فش جیسی ہی ہے لیکن لمبائی تھوڑی سی زیادہ ہے۔ روبوٹ مچھلی کی حرکت کو حقیقی بنانے کے لیے اصل مچھلی کی رفتار، گھماؤ اور دم کی حرکت کو روبوٹ میں سمویا گیا ہے۔ اس کی دم دائیں بائیں گھومتی ہے۔ روبوٹ زیبرا فش کو ایک چھوٹے سے برتن میں گھمایا گیا اور اسے حرکت دینے کے لیے نیچے سے مقناطیس کے ذریعے حرکت دی جارہی ہے۔
ایکویریئم میں اسے 4 زیبرا فش کے ساتھ تیرایا گیا اور ساری مچھلیاں مختلف بھول بھلیوں اور رکاوٹوں سے گزریں۔ ماہرین نے ہر مچھلی کی حرکت اور رویے کو نوٹ کیا ۔ اسی طرح پورے غول کی حرکت کو بھی نوٹ کیا گیا۔ اس کے بعد بغیر روبوٹ مچھلی کے اصل مچھلیوں کو تیرایا گیا۔ معلوم ہوا کہ روبوٹ مچھلی ہو یا نہیں اصل مچھلیوں کا برتاؤ یکساں رہا۔ ماہرین نے نوٹ کیا کہ اصلی مچھلیوں نے روبوٹ مچھلی کو قبول کرلیا اور خود روبوٹ نے بھی اصل مچھلیوں سے بہت کچھ سیکھا اور مچھلیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے ان کی رہنمائی بھی کی۔ اس تحقیق سے ماہرین کو نہ صرف مچھلیوں کا برتاؤ جاننے میں مدد ملے گی بلکہ روبوٹ جانداروں کی تیاری میں بھی مدد ملے گی؎۔