بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر بنیادی مسئلہ ہے، طارق سلیم

95

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاہے کہ بھارت اپنی نادانی کے باعث پوری دنیا میں بے نقاب ہوگیا، پوری قوم پاک فو ج کی پشتیبان ہے۔ جنگیں، ہتھیاروں سے زیادہ جذبے اور اعتماد سے لڑی جاتی ہیں۔ بھارتی فوج بزدل ہے، بھارتی عوام نریندر مودی کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے باعث اس سے نالاں ہیں۔ نجی تعلیمی ادارے میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ دفاع پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کیا اور اس کے کارکنان نے ہر طرح کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کی دفاعی حکمت عملی نے قوم کے دل جیت لیے، 22 کروڑ عوام پرعزم ہیں اور ان کا مورال انتہائی بلند ہے۔ پاک فوج نے ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور کسی دشمن کو نظریاتی ریاست کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دے گی۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر بنیادی مسئلہ ہے۔ مقبوضہ وادی کے عوام کو حق خود ارادیت اور آزادی دیے بغیر دونوں ممالک میں امن قائم ہونا مشکل ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بدترین مظالم کا نوٹس لے اوران کی خواہشات کے مطابق آزادی کے لیے دعوے کے بجائے عملی کوشش کی جائے۔