کراچی (سید وزیر علی قادری)نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل میچزکیلئے تقریبا تیار ہو چکا، تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا، چھتوں کی صرف 30فیصد تنصیب باقی ہے، سیکیورٹی فورسز بھی مستعد ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کو7سے 17 مارچ تک فائنل سمیت پی ایس ایل کے 5میچز کی میزبانی کرنا ہے، وینیو پر جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے،ڈریسنگ روم، چیئرمین باکسز اور میڈیا سینٹر تیار ہوچکے، پریس کانفرنس ہال بھی نیا بنایا گیا ہے، کئی انکلوژرز میں نئی کرسیاں نصب دیگر میں نشستوں پر رنگ وروغن کردیا گیا۔اسٹیڈیم ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے، سب سے بڑا چیلنج چھتوں پر ٹیفلون فیبرک کی تنصیب تھی، اس کا 70 فیصد کام مکمل ہوچکا، میدان بھی ہرا بھرا نظر آرہا ہے، دوسری جانب سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔ریذیڈنٹ انجینئر عمران زبیری نے کہاکہ زیادہ تر کام بالکل آخری مراحل میں ہے اور چندروز میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا، چھتوں کیلیے ٹیفلون فیبرک کی آخری کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے، اس کو فوری طور پر نصب کردیا جائے گا، جو تھوڑا بہت کام رہ گیا اس میں قطعی طور پر تاخیر نہیں ہوگی۔ایک سوال پر انھوں نے اعتراف کیا کہ تعمیراتی کام کی وجہ سے اسٹیڈیم کے صدر دروازے کے باہر کا ماحول کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑ رہا، اس کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کا کام بھی بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رینجرز کی تعیناتی ، روزانہ نفری میں اضافہ،ہوٹل سے اسٹیڈیم تک راستے میں سیکورٹی نظام کو جانچنے کے لیے چند روز میں کونوائے گشت کرے گا ۔80مزید کیمرے لگائے جائیں گے۔دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم کاوقت پر کام مکمل کرنے کیلئے مزدوروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، فلڈ لائٹس روشن کرکے رات میں بھی کام کیا جارہا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کے 8 انکلوژر کی چھتوں پر ٹیفلون کی تنصیب مکمل ہوگئی اب باقی 8 انکلوژر کی چھتوں پر ٹیفلون لگانے کا کام شروع ہوگیا، تاہم ایک حصہ پر چھت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ اس کے باوجود نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ پر امید ہے کہ چھتوں کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔دوسری جانب جاوید میانداد اور حنیف محمد انکلوژر کیلئے رنگ برنگی فولڈنگ کرسیاں کی تنصیب کا کام بھی تیزی سے کیا جارہا ہے۔ یاد رہے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن 28فروری تھی۔