فیصل آباد کی اہم شاہراہیں گڑھوں اور کھڈوں میں تبدیل ہوچکی ہیں

229

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب کی ایک کروڑ آبادی کے ضلع فیصل آباد اورشہرکی اہم شاہراہیں کھڈوں اور گڑھوں میں تبدیل ہو کر انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ چڑارہی ہیں۔ شہراورگردنواح کی اہم سٹرکیں ستیانہ روڈ ، جڑانوالہ روڈ،سمندری روڈ ، جھنگ روڈ اوراندورن شہرکی دیگر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے آئے روز حادثات جنم لے رہے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے نقصانات کے علاوہ درجنوں چھوٹے بڑے حادثات رونما ہورہے ہیں۔ جس سے شہروں کا زخمی ہونا معمول بن گئے ہیں، ریسکیو روزانہ ٹوٹی سڑکوں کے حادثات درجنوں کی تعداد میں رپورٹ کررہے ہیں۔ شہر کی ٹاؤن انتظامیہ نے ٹوٹی سڑکوں پر پیچ ورک کا کام بھی چھوڑ دیا ہے اس وجہ سے جب فیصل آباد میں بارشیں ہوتی ہیں تو کھڈوں اور گڑھوں والی سڑکوں پر پانی جمع ہوجاتا ہے اور کئی کئی روز پانی جمع ہی رہتا ہے جس سے نہ صرف شہر کا حسن ماند ہوتا ہے بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے باہر کے شہری بھی ان نظاروں کو دیکھ کر تنقید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ سڑکوں کی تعمیر اور پیچ ورک کے لئے حکومت کثیر سرمایہ ہر برس بجٹ میں مختص کرتی ہے بلکہ وقتاً فوقتاً سپلمنٹری گرانٹ بھی مہیاکی جاتی ہے مگر اس کے باوجود فیصل آبادشہرکے آبادی والے علاقوں نعمت کالونی،دارالسلام کالونی، کہکشاں کالونی، مدینہ ٹاؤن،ڈھڈی والا،حسن پورہ، اور دیگر آبادیوں میں سڑکوں کی حالت زار بہت خراب ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے وزیر اعلی پنجاب اور کمشنر فیصل آباداور ڈی سی اوفیصل آبادسے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔