مودی کو انتخابات جیتنے کیلیے خطے کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے

169

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ،نائب امیر انجم اقبال بٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو ان شاء اللہ نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات جیتنے کیلیے خطے کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے، پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی، بھارت میں بھی مودی کی پالیسیوں کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں،بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے، بھارت نے کوئی حرکت کی تو خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار رہے ۔ میاں اجمل حسین بدر نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت آگیا، بھارت نے ہمیشہ پاکستان سے دشمنی کی، مودی اپنا الیکشن جیتنے کیلیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، بھارت کے جنگی جنون کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت آگیا۔