بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،عبدالستار

161

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیرمیاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم نے کہا ہے کہ پوری قوم اور افواج پاکستان بھارت کی جارحیت کے مقابلے کے لیے متحد اور تیار ہیں،بھارت نے حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی اورقوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گی، امریکا کے کہنے پر مذاکرات کرنے یا بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوسکے گا کیونکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، بھارت کشمیر کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دے گا،ایسا نہ ہو کہ میدانوں میں جیتی ہوئی جنگ ہم ایوانوں میں ہار جائیں، جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے لیس ہوکر ہی کشمیر آزاد کرایا جاسکتا ہے، افواج پاکستان کا موٹو بھی ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے،سافٹ امیج کے نام پر اسے دور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم بھارت کے طیارے کو گرانے والے حسن صدیقی اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ آج نوجوانوں کے اندر جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت موجود ہے اور یہ جذبہ جہاد اور قوت ہی اصل اثاثہ ہے جسے کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، شاہین کبھی نیچی پرواز نہیں کرتا اور نہ تھکتا ہے،یہ پرواز اب اونچی ہی رہنی چاہیے اور بھارت اگر حملے کرے تو اسے سبق ضرور سکھایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ کا واقعہ کوئی دہشت گردی نہیں ہے، جو فوج مظلوم اور نہتے عوام، بچوں اور بوڑھوں پر حملہ کرے، خواتین کی بے حرمتی کرے اسے پھول یا گلدستے نہیں پیش کیے جاسکتے۔