امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں : وزیراعظم عمران خان

197
بھارت کے ساتھ امن کی کوششیں اور بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن کو رہا کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور حکومتی وزراء بھی اس حوالے سے بھرپور مہم چلاتے نظر آ رہے تھے۔
اس سب معاملے میں وزیراعظم عمران خان اب تک خاموش تھے البتہ اب انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں۔ نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہوگا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔
وزیراعظم کے اس بیان کو ٹویٹر صارفین نے سراہا ہے اور مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ان کی خواہشات کی تعریف کی ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس ٹویٹ کے ذریعے ان تمام لوگوں کو بھی جواب دے دیا ہے جو کئی دنوں سے یہ پروپیگنڈا کر رہے تھے کہ وزیراعظم عمران خان اس انعام کو لینے کے متمنی ہیں۔