وطن عزیز پر آنچ آئی تو جماعت اسلامی کا ہر جوان فرنٹ لائن پر لڑے گا،ڈاکٹرطارق سلیم

61

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور سیاسی ومذہبی جماعتیں پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہیں، بہت بہترپوزیشن ہونے کے باوجود حکمران کمزوی کا مظاہرہ کرکے غیور اور بہادر پاکستانی عوام کو مایوس کررہے ہیں۔ بھارت غلطی سے سرحد پار کرنے والے پاکستانی شہریوں کا قتل کرکے میت کی حوالگی میں بھی کئی دن لگا رہا ہے جبکہ حکمرانوں نے جارحیت کرنے والے پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا، پاکستانی فورسز نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کے دل جیت لیے، پاکستان کی سا لمیت پر آنچ آئی تو جماعت اسلامی کا ہر جوان فرنٹ لائن پر لڑے گا۔ 23 مارچ کو عید گاہ گراؤنڈ سرگودھا میں عظیم الشان تحفظ پاکستان کنونشن منعقد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اور سرگودھا میں تحفظ پاکستان کنونشنز اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر رضوان احمد، امرائے اضلاع حاجی جاوید اقبال چیمہ، سید عارف شیرازی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، صوبائی ڈپٹی میڈیا کو آرڈینیٹر پروفیسر خالد محمود عارف سمیت دیگر ذمے داران بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ کشمیری عوام کو آزادی دیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے بدترین مظالم کے باوجود ہمیشہ اپنا وزن پاکستان کے پلڑے میں ڈالا، ہمارے یوم آزادی کو بدترین پابندیوں کے باوجود منایا اور وہ پاکستانی جھنڈے میں دفن ہونا فخر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنگیں اسلحہ سے زیادہ جذبے اوراتحاد سے لڑی جاتی ہیں پاکستانی قوم فوجی کانوائے کے راستوں میں اپنی آنکھیں بچھا رہی ہے، پھولوں کی بار ش کرتے ہوئے اپنی محبت کا اظہار کررہی ہے، اس جذبے کو بھارت کبھی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک زندہ دعوتی وانقلابی تحریک ہے جو دنیا کے طول وعرض میں مختلف انداز میں ورکنگ کررہی ہے۔ نریندر مودی اور حسینہ واجد کی بھول ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کی قیادت کو پابند سلاسل کرکے اس جدوجہد کو روک دیں گے یہ تحریک توجسم کے اندر دوڑتے خون کی مانند ہے جسے کسی صورت پابند نہیں کیا جاسکتا۔
سرگودھا،تین من سے زائد مضرِ صحت گوشت برآمد
سرگودھا(اے پی پی )تین من سے زائد مضرِ صحت گوشت برآمد کرلیا گیا ۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سرگودہا کے وٹنری آفیسر ڈاکٹر فاروق حسن نے سرگودہاشہر کے علاقہ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن میں گوشت کی ایک دوکان پر چھاپہ مارکر وہاں سے 3من (120کلو) مضرِ صحت گوشت برآمد کرکے موقع پرہی تلف کردیا گیا ۔ اس دوران قصاب محمد ذیشان پولیس کی آمد سے قبل ہی موقع سے فرار ہوگیا تاہم اس کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا ہے۔