جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ہفتہ طلبہ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

366

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ہفتہ طلبہ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کی واحد بین الاقوامی گو کارٹنگ ٹیم ایکسٹریم ولوسٹی ریسنگ کے کپتان ڈاکٹر اویس نقوی تھے۔ اویس نقوی پروفیشنل فارمولا ون ریسر ہیں جو دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے مہمان خصوصی اویس نقوی کے ساتھ فاتح ٹیموں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ ہفتہ طلبہ کے دوران ہونے والے کھیلوں کے مقابلے میں کرکٹ، والی بال، بیڈ منٹن، فٹسال، تھرو بال، ٹیبل ٹینس، کانٹر اسٹرائیک، چیس، ایتھلیٹکس، ٹگ آف وار سمیت متعدد کھیل شامل رہے۔ جن میں جیتنے والے طلبہ کو میڈل اور شیلڈز دیے گئے جب کہ تقریب کے آخر میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو ہاوس کپ دیا گیا۔ کرکٹ کے مقابلے میں ایس ایم سی بوائز کی ٹیم فاتح رہی جب کہ گرلز کرکٹ کا مقابلہ انسٹی ٹیوٹ آف فارما سیوٹیکل سائنسز کی طالبات نے جیتا۔ والی بال گرلز اور بوائز کے مقابلے ایم ایس سی کے نام رہے۔ بیڈمنٹن کا گرلز مقابلہ آئی پی ایس جب کہ بوائز کا مقابلہ ایس آئی او ایچ ایس نے جیتا۔ ہاوس کپ ایس ایم بیسٹ21 نے اپنے نام کیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ اسی لیے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردارادا کرتی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی فارمولا ون ریسر اویس نقوی کا کہنا تھا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کا کھیلوں کے لیے جوش خروش دیکھ کر ان کو اپنا تعلیمی دور یاد آتا ہے اور ایس ایم سی کا ماحول دیکھ کر ایک بار بھر طالب علم بننے کی خواہش جاگ اٹھی ہے۔ اختتامی تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ اور اسٹوڈنٹ کونسل کی چیئر پرسن ڈاکٹر غزالہ عثمان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔