پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے ، دشمن کومنہ توڑ جواب دیاجائے گا

149

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔جماعت اسلامی کی قیادت کو حبس بے جامیں رکھنا،گھروں پر چھاپے مارنا،دفاتر سیل کرنا،چادر اور چاردیواری کاتقدس پامال کرنا اس بات کاثبوت ہے کہ ہندوستانی فوج اپنے تمام ترحربوں کے باوجود نہتے کشمیری عوام کی آواز کو دبانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔کشمیر کی آزادی تک پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،اس سے دستبردار ہونے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔بھارت کاگھناؤناچہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آچکا ہے۔بھارت کے اندر مودی کی جنگی جنونیت پر سنگین قسم کے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔بھارتی میڈیانے اس ساری صورتحال کو مسخ کیا اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔عالمی برادری ہندوستان سے جھوٹے دعوؤں کاثبوت مانگ رہی ہے مگر وہ ثبوت دینے میں ناکام رہاہے۔کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی بھارتی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کے خلاف پوری طرح متحد ہے اور سیاسی و عسکری قیادت کی پشت پر کھڑی ہے۔پاکستان کے اندر تمام سیاسی جماعتیں آپسی اختلافات بھلاکر ملکی دفاع کے لیے یک جان ہوچکی ہیں ۔الحمد للہ پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کامنہ توڑ جواب دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ شاکراللہ شہید جیسے بے شمار پاکستانی جوغلطی سے سرحدعبور کرگئے تھے بھارتی عقوبت خانوں میں بدترین تشددبرداشت کررہے ہیں۔ان پر وحشیانہ تشددکیاجارہاہے۔ حکومت پاکستان ان کی رہائی کے لیے آواز اٹھائے ۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتاجنوبی ایشیا میں امن کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔