بری، بحری، فضائیہ اور رینجرز کے نوجوانوں کو محبت بھرا سلام

471

ہندوستان کے مکروہ عزائم کو پاکستانی قوم اپنے اتحاد اور یکجہتی سے ناکام بنا کر رکھ دے گی، 

تحریک انصاف کی پر امن پالیسی کو نظر انداز ہر گز نہ کیا جائے

،ہندوستان اگر جارحیت سے باز نہ آیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا ، حاجی مظفر علی شجرہ 

تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر و سابق ایم این اے حاجی مظفر علی شجرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر ہندوستان نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی فوجی کاروائی کی تو پاکستان کے عوام اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئر مین و وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان جنگ سے بچنے کی ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں ان کی ان فراخدلانہ کوششوں کو ہندوستان نظر انداز نہ کرے کیونکہ یہ جنگ بر صغیر پاک و ہند میں انتہائی تباہی اور بربادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی اور دونوں ملکوں کے عوام کو اس جنگ کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا اور آخر کار مذاکرات ہی واحد راستہ ہونگے۔ تحریک انصاف کی قیادت بغیر کسی خون خرابے کے مسئلے کا حل نکالنا چاہتی ہے تاکہ دونوں ملک باہمی تعاون سے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھتے ہوئے آگے کی جانب بڑھیں ۔برصغیر کے عوام کو جنگ کی نہیں بلکہ تعلیم ، صحت ، روزگار اور دیگر گوناگوں مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ، پاکستانی عوام کی جانب سے دوستی و امن کا پیغام بار بار دے رہے ہیں جوکہ ہماری پر امن پالیسی کا حصہ ہے ۔ ہندوستان کی قیادت ہماری فراخدلانہ پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے پاکستانی قوم اور مسلح افواج نہ کبھی پہلے کمزور رہے ہیں اور نہ آج ہیں ۔ہمارے ساتھ جس نے بھی پنجہ آزمائی کی پاکستا ن کی مسلح افواج نے عوام کے تعاون سے اسے چاروں شانے چِت کر کے رکھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کارگل کا واقعہ نہیں بھولنا چاہئے ۔ حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا کہ ہندوستان ہوش کے ناخن لے اور طاقت کے نشے میں وہ قدم ہر گز نہ اٹھائے جو قدم ہندوستان کے لئے باعث شرمندگی بنے۔ انہوں نے کراچی تا آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے صفوں میں اتحاد اور یکجہتی قائم و دائم رکھیں ۔ انشاء اللہ ہم اپنے اتحاد اوریکجہتی کے ذریعے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کر کے دم لیں گے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی و بر صغیر میں امن و امان کی بحالی کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔