اپوزیشن اورپاک فوج کا اتحاد ایٹم بم سے زیادہ طاقتورہے،طارق سلیم

79

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ لائن آف کنٹرول کے دورے کا مقصد بارڈرپرکھڑے ہوکرپاک فوج اورآزادکشمیر ومقبوضہ کشمیر کے عوام کویہ پیغام دینا تھا کہ 22کروڑ پاکستانی عوام ان کی پشت پرکھڑے ہیں،امریکا دنیا کے 46ممالک کی فوج اور جدید ترین اسلحہ ہونے کے باوجود افغانستان میں ذلت آمیزشکست سے دوچارہوا ،نریندرمودی کواس سے سبق سیکھنا چاہیے ۔حکومتی اوراپوزیشن جماعتوں سمیت پاک فوج متحد ہے اوریہ اتحاد ایٹم بم سے زیادہ قوت رکھتا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے راولپنڈی کینٹ میں تحفظ پاکستا ن کنونشن میں خطاب اورکنٹرول لائن کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدررضوان احمد،امیرسٹی ڈسٹرکٹ سید عارف شیرازی ،امیرزون رضا محمدچودھری و دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی جنرل سیکرٹری سیدعزیرحامد سمیت دیگررہنمابھی شریک تھے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ قوم نے بھارت کے خلاف جس یکجہتی کااظہارکیاہے وہ بھارت کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ ہم جماعت اسلامی کی دعوت کو گھر گھر پہنچائیں گے اورقوم کوآگاہ کریں گے کہ جماعت اسلامی کی دعوت اللہ اور رسول ﷺ کے تابع ہے وہ دعوت کسی ایک فرد یاپارٹی کی دعوت نہیں ہے۔ 23مارچ کو سرگودھا اور 31مارچ کولیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان تحفظ پاکستان کنونشزمنعقد کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرپربھارت کی جانب سے پابندی کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی ایک جماعت نہیں بلکہ سوچ، فکراورنظریے کانام ہے جس کا نفوذزندگی کے ہرطبقے میں موجودہے۔ اس پابندی پرپاکستان کے دفترخارجہ کی جانب سے خاموشی افسوسناک ہے۔