پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے،میا ں اجمل

83

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں پیٹرول اور پھر گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو بلا وجہ‘ ناقابل قبول اور عوام پر بدترین ظلم کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ چند پیسوں کی کمی کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں اس ماہ 4روپے سے زائد بلا جواز اضافہ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں خریداری کے مقابلے میں دوگنے داموں پر پیٹرول فراہم کر رہی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات عوام کے زیر استعمال تمام اشیاء پر پڑتے ہیں۔ مسائل کے مارے عوام جن کی قوت خرید حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں اور کرپشن کے نتیجے میں پہلے ہی جواب دے چکی ہے۔ایسی صورتحال میں پیٹرول کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ اور گیس کی قیمت میں اضافے کے لیے اوگرا کی تجاویز قطعاً ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کر نے کے وعدوں اور اربوں روپے کی بچت کے دعووں کے بعد خزانے کو بھرنا چاہیئے تھا اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیئے تھی لیکن اس کے برعکس قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر آنے والی حکومت گزشتہ حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کا رونا رو کر عوام پر مزید بوجھ ڈال دیتی ہے یہ سلسلہ اب ختم ہو نا چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ عوام کی قوت برداشت ختم ہو جائے اور یہ پسے ہوئے لوگ تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق گھروں سے نکل کر احتجاج کر نے پر مجبور ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کو سہولتیں بہم پہنچانے میں حکومت کی ناکامی کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی اقدام سے قطعی گریز نہیں کرے گی اور اگر ضرورت پڑی تو یہ معاملہ اسمبلیوں اور سڑکوں پر ہر جگہ اُٹھائیں گے۔