امریکی دھمکی نظر انداز،ترک صدر نے بڑا اعلان کر دیا

437

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے امریکی دھمکی مسترد کرتے ہوئے روسی فضائی دفاعی نظام خریدنے کا ا علان کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں  امریکا کی جانب سے ترکی کو خبر دار کیا گیا تھا کہ جب تک وہ روس سے فضائی دفاعی نظام ‘ایس 400’ کی خریداری کے منصوبے سے دست بردار نہیں ہوتا اُس وقت تک ترکی کا ‘ایف 35 ‘لڑاکا طیاروں کی تیاری کا معاہدہ معطل رکھا جائے گا۔

امریکا کا کہنا ہے کہ روس کا دفاعی نظام نیٹو کے رکن ممالک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

تاہم اس دھمکی آمیز بیان کےرد عمل میں آج ترک  صدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ  انقرہ  روسی فضائی دفاعی نظام ‘ایس 400’ کی خریداری سے متعلق  نہ  تو اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹے گا اور نہ ہی  کسی  کےدبائو میں آئے گا۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ اس کے بعد اگلے مرحلے میں‌ روس سے ‘ایس 500’ دفاعی نظام خریدنے پر بھی غور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کے امریکا ہمیں تجارتی اقدامات کےذریعے سبق نہ پڑھائے ترکی کے اپنے تیار کردہ تجارتی اور دفاعی منصوبے ہیں۔