متعلقہ محکمے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کریں ،رفیق احمد برڑو

140

سکھر( نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہاہے کہ دو محکموں کے پاس ذمے داریاں ہوں گی تو عوام کی مشکلاتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس لیے محکمہ میونسپل ، ڈرینج او ر واٹر سپلائی سے منسلک تمام مشینری تین دن کے اندر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حوالے کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنے آفس کے کانفرنس ہال میں میونسپل سروسز کی آؤٹ سورسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی سمیت مختلف ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے منعقد کردہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں ۔ اجلاس میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ ، گھوٹکی ، سکھر اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز سمیت سکھر ڈویژن کے میونسپل اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران عوام کی جانب سے شکایات ملی ہیں کہ شہر کے کافی علاقوں میں پانی کھڑا ہوا ہے ، اگر دو اداروں کے پاس ذمے داریاں ہوں گی تو عوام کو مشکلات پیش آئیں گی اس لیے متعلقہ محکمے اپنے اپنے فرض ادا کرکے عوام کو سہولیات فراہم کریں ۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ گرمیوں کے دوران پانی کی طلب میں اضافہ ہوگا اس لیے عوام کی شکایات کا فوری طور ازالہ کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر شکایتی سیل قائم کرکے اپنی رپورٹ فراہم کی جائے اور تمام مشینری کو فعال بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہروں میں فوری طور پر پانی کا نکاس کیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں لوڈشیڈنگ یا مشینری خراب ہونے کا عذرقبول نہیں کیا جائے گا ، جبکہ سکھر ڈویژن میں جاری تمام اسکیموں کے کام کے معیار اور رفتار کو بہتر بناکر مقرر وقت پر مکمل کی جائیں اور رواں ماہ کے دوران اسکیموں کی موجودہ صورتحال کے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے میونسپل اور ہیلتھ کے محکمے بھی آپس میں رابطے بہتر بنائیں کیونکہ رابطے کے فقدان کے باعث مسائل میں اضافہ ہوتا ہے اور دونوں محکمے اپنے اپنے فرائض بہتر طریقے سے ادا کریں تا کہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ میونسپل اور پبلک ہیلتھ کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جائے کیونکہ مذکورہ محکموں کی خراب کارکردگی کے باعث نہ صرف عوام مشکل میں ہیں بلکہ انتظامیہ کی ساکھ بھی خراب ہو رہی ہے اس لیے خراب کارکردگی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جا ئے گی ۔ انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی ادارہ نئے روڈز کو کاٹنے کا کام کرے گا تو نئے روڈ کی بحالی اس محکمے کی ذمے داری ہوگی ۔ اس موقع پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جون 2019ء تک سکھر شہر کے تمام نالوں کی کھدائی کر کے صفائی کو یقینی بنایا جائے تا کہ شہر کی صفائی میں کو ئی خلل پیدا نہ ہو ۔
جیکب آباد، شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو گلا دبا کر قتل کردیا
جیکب آباد (نمائندہ جسارت) شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو گلا دبا کر قتل کردیا۔ جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود قصبہ حیدر پور واگھو میں شوہر میرکھ بگٹی نے گھریلو ناچاقی پر بیوی 35سالہ نازاں کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور فرار ہو گیا اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچائی جس کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی پولیس کے مطابق شوہر نے بیو ی کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دیا مزید تفتیش جاری ہے ڈاکٹر کے مطابق عورت کی موت گلہ دبانے سے ہوئی ہے ۔
جھڈو، الیکشن کمیشن نے تعلقہ میں ووٹر لسٹوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کر دیا
جھڈو (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے تعلقہ جھڈو میں ووٹر لسٹوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کر دیا ہے جو 31مارچ تک جاری رہے گا اس مقصد کے لیے تعلقہ بھر میں 15 ڈسپلے سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں ووٹوں کے اندراج اور نظر ثانی کے کام کے لیے عملہ موجود ہوگا۔ اسسٹنٹ الیکشن کمیشن جھڈو اسحاق قائم خانی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شناختی پر درج عارضی یا مستقل پتے پر اپنے ووٹ کا اندراج کر وایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔