جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کا تیسرا مرحلہ 29 اکتوبر کو ہوگا،بلال قدرت

104

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کا تیسرا مرحلہ 29 اکتوبر کو ہوگا۔ نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے معمار ہیں ۔جماعت اسلامی یوتھ کو قیادت کے منصب پر لے کر آنا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے ضلعی امراء اور جے آئی یوتھ کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے پہلے دو مرحلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصد ہیں ۔ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔نوجوانوں کی سرپرستی اور ان کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے وژن اور مرکزی مجلس شوریٰ کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی پورے ملک میں نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہی ہے ۔ صوبہ پنجاب میں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے دو مرحلے خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن ضلعی ٗزونل اور یونین کونسل کے اُمراء کی مکمل سرپرستی اورتعاون سے ہو رہے ہیں ۔ہم آنے والے نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ بلال قدرت بٹ نے کہا کہ اب تیسرے مرحلے کے انتخابات ان شاء اللہ 29 اکتوبر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں منعقد ہوں گے ۔الحمد للہ ! نوجوان بڑی تعداد میں جے آئی یوتھ میں شامل ہو رہے ہیں ۔ یہی نوجوان مستقبل میں جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں گے ۔