بھارت اسرائیل کی حمایت سے پاکستان پر حملے کررہا ہے،سینیٹر مشتاق خان

184

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں بھارتی آبدوز کی پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کے حوالے سے جمع کی گئی تحریک التوا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو فضائی حملے میں جوتے پڑے ہیں، لائن آف کنٹرول پر بھی جوتے کھا رہا ہے اور سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھی جوتے کھائے گا۔ بھارت اسرائیل کی حمایت اور شراکت سے پاکستان پر حملے کررہا ہے۔ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ خطے کے امن کے لیے ناسور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی گھر میں گھس کر مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ہمارے وزیر اعظم ان سے امن کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ اکیس کروڑ عوام اور نیوکلیئر طاقت رکھنے والے ملک کے وزیر اعظم کو یہ بیان زیب نہیں دیتا کہ تین بار فون کرنے کے باوجود مودی نے فون نہیں اٹھایا۔ حکومت کشمیر کو بھول چکی ہے، حکومت کو اپنی فکر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ بھارت کی جانب سے دیے گئے ڈوزئیر میں ایسا کچھ نہیں جس پر کارروائی کی جائے لیکن اس کے باوجود تنظیموں پر بھارتی اور بین الاقوامی دباؤ میں آکر فلاحی تنظیموں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ حکومت بھارتی دھمکیوں کے جواب میں کمزوری اور پسپائی کا مظاہرہ نہ کرے۔ تنظیموں کو کالعدم قرار دے کر ان پر پابندی اور کارکنان اور قیادت کو گرفتار کرنا خود اپنے خلاف سلطانی گواہ بننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بہت سی چیزوں کا پتا ہمیں اخبارات اور میڈیا سے چلتا ہے جبکہ ان پر پارلیمنٹ کے فلور پر بحث ہونی چاہیے۔ وزراء پارلیمنٹ کو بتانے کے بجائے اخبارات اور صحافیوں کو بتا دیتے ہیں۔ یہ رویہ درست نہیں، ملکی سلامتی سمیت جو بھی مسائل ہوں ان کو پارلیمنٹ کے فلور پر ڈسکس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکمران کہہ رہے ہیں کہ او آئی سی میں پچاس سال کے بعد بھارت کی شرکت خوش آئند ہے، رفتہ رفتہ او آئی سی بھارت کو قبول کرلے گا اور بھارت او آئی سی کا ممبر بن جائے گا۔ ہمارے وزیر اعظم نے جس حکومت کے سربراہ کا ڈرائیور بننا گوارا کیا اس حکومت کے سربراہ کے بھارت کے حوالے سے اس قسم کے خیالات قابل افسوس ہیں۔ او آئی سی میں بھارت کی شرکت پاکستان کی سفارتی ناکامی ہے۔ بھارت اسے اپنی سفارتی کامیابی قرار دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد اور بہادر مسلح افواج کی پشت پر ہے۔ مسلح افواج نے ثابت کردیا کہ وہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مسلح افواج نے ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کے نعرے کی لاج رکھ لی۔