سود کی مخالفت کابل 2017ء منظور ہونا خوش آئند اقدام ہے

125

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی جانب سے نجی قرضوں پر سود کی مخالفت کابل 2017ء اتفاق رائے سے منظور ہونا خوش آئند اقدام ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سودی معاشی نظام بڑی خرابی کا باعث ہے۔اس سے دولت سمٹ کر سرمایہ داروں تک محدود ہوکررہ گئی ہے۔دولت کی غیر منصفانہ تقسیم سے چھٹکارہ حاصل کرنے اور ملک وقوم کو خوشحال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی طرزمعیشت کو اختیار کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں انگریزوں کا قانون رائج ہے،جس نے پاکستان کو معاشی طورپر کبھی مستحکم نہیں ہونے دیا۔سودی معیشت نے دنیا کے بڑے بڑے اداروں اور ممالک کو مفلوج اور دیوالیہ کرکے رکھ دیاہے۔عالمی ساہوکاروں نے دنیا کی دولت پر قبضہ جمانے کے لیے اپنے مفادات پر مبنی پالیسیاں ترتیب دیں اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہر دورحکومت میں سودی طرز معیشت سے نجات کے لیے آوازیں بلند ہوتی رہیں مگر بدقسمتی سے کسی حکومت نے بھی اس پر سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے،یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی معیشت ز بوں حالی کا شکار ہے۔قرضوں پر لگنے والے سود کو اداکرنے کے لیے بھی مزید قرضے لینے پڑتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منافع بخش ادارے خسارے میں جاچکے ہیں اور اس گھمبیر صورتحال سے نکلنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔پی ٹی آئی کی حکومت کے صرف چھ ماہ کے دوران تین ہزار ارب روپے کے قرضے لیے گئے جس سے ملکی کل قرضہ 33ہزار238ارب سے تجاوز کرچکا ہے۔اگر اسی رفتار سے قرض لینے کی پریکٹس جاری رہی تو اگلے پانچ برسوں میں کل مجموعی قرضہ 60ہزار ارب روپے سے بڑھ جائے گا۔2018تک ہر پاکستانی ایک لاکھ38ہزار روپے کامقروض تھا جو کہ اب ایک لاکھ53ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے۔
سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کالجز بائیو میٹرک حاضری پر منتقل
پشاور (اے پی پی)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے زیر انتظام سٹی ڈسٹرکٹ کالج فارگرلز ‘ میونسپل انٹر اسکول و کالج شاہی باغ ‘ میونسپل انٹر کالج وزیر باغ اور دستکاری سینٹر کو بائیو میٹرک حاضری پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میاں شفیق الرحمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن قدیم شاہ نے ضلعی حکومت کے دفتر کے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تمام کالجز ا‘ سکولز ‘ دستکاری سینٹر اور بس اسٹینڈز میں حاضری کیلیے بائیو میٹرک نظام نصب کردیا جس سے ملازمین کی بروقت حاضری یقینی ہوگی ۔