حکومت پنجاب نے نئے بھٹوں کی تعمیر پر پابندی عائد کردی

194

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی) محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجاب نے BTK ٹیکنالوجی کے تحت نئے بھٹوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی ہے، نئی ٹیکنالوجی’’ زگ ز یگ‘‘متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت بھٹے تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹے جات سے 70 فیصد کم فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہے اور 30 فیصد کم کوئلہ استعمال ہوتا ہے، نیز اینٹوں کی پیداوار بھی زیادہ ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ملک شوکت حیات نے سمندری روڈ پر سینئر نائب صدر میاں فرمان کے بھٹہ پر محکمہ ماحولیات اور بھٹہ مالکان کی مشترکہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر چودھری عبدالرزاق باجوہ،ڈویژنل صدر حاجی اسلام، ضلعی صدر ٹوبہ شیخ عامر فیاض،ضلعی صدر جھنگ گلاب خان،ملک عبدالرحمن،رانا رشید خاں،میاں محمد اکرم ، چودھری محمد حسین،الماس چٹھہ،حاجی سرور،ملک افتخار حسین،رانا عمران،محکمہ ماحولیات کے افیسران اور دو سو سے زائد بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجاب نے ہر سال سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا ہے۔ اس موقع پرچوہدری عبدالرزاق باجوہ نے شرکا کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی میں بھٹوں سے خارج ہونے والا دھواں بہت زیادہ کردار ادا کرتا ہے کیونکہ پاکستان میں 20 ہزار بھٹہ خشت روزانہ لاکھوں ٹن کوئلہ جلاتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ نئی ٹیکنالوجی متعارف ہونے کے بعد فضائی آلودگی کو کنٹرول کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈرن بھٹے لگانے کیلیے ایسوسی ایشن کو حکومتی مدد کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت مدد فراہم کرے تو پرانے آلودگی کا باعث بننے والے بھٹوں کو ماڈرن بھٹوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔سینئر نائب صدر میاں فرمان نے کہا کہ مالکان اب زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مطابق بھٹے تعمیر کریں کیونکہ حکومت پاکستان پرانے بھٹوں کے چلنے پر مستقل پابندی لگانا چاہتی ہے اور صرف زگ زیگ کے تحت تعمیر ہونے والے بھٹے کو چلنے کی اجازت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ جدید زگ زیگ بھٹے ماحول دوست ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں اور سود مند ثابت ہوں گے۔