بھارت ظلم کابازارمقبوضہ کشمیر میں زیادہ دیرتک قائم نہیں رکھ سکتا،امیر العظیم

188

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ سینیٹ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی جانب سے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پرپابندیوں کیخلاف پیش کی جانے والی قرار داد کی منظوری خوش آئند ہے۔ جماعت اسلامی جموں و کشمیر میں عوامی فلاح وبہبودکاکام کرنے کے ساتھ سیاسی اور سماجی سطح پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اورجماعت اسلامی پر پابندی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم وستم کی انتہا کردی ہے۔ چند دنوں میں درجن سے زائد مظلوم اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کررہا ہے اور کشمیریوں سے ا ن کے جمہوری حقوق چھین رہا ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں، گولیوں اور آنسو گیس کی شیلنگ نے بھارت کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کا پرچار کرنے والی این جی اوز دانستہ اندھی، بہری اور گونگی ہوچکی ہیں۔ بھارت ظلم کا بازار مقبوضہ کشمیر میں زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکتا۔ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ابھی تک بری طرح ناکام رہا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ آئے روز بھارت کی جانب سے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی ایک معمول بن چکا ہے۔ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دینا چاہیے کیونکہ وہ پیار کی زبان نہیں سمجھتا۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ بھارت تحریک آزادی کی جدوجہد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے پر اتر آیا ہے۔ جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضے کو مزید جاری رکھنا درحقیقت بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ وہ وقت اب دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی عملاً پاکستان کا حصہ بنے گا۔ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 15 ہزار لیٹر کیمیکلز ملا دودھ پکڑ لی
لاہور(آ ئی این پی)مضر صحت دودھ کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کی گئی جس میں 15 ہزار لیٹر کیمیکلز ملا دودھ پکڑا گیا۔ جمعرات کے روزمضر صحت دودھ 4 گاڑیوں میں قصور کے ایک گا ؤں سے لاہور لایا جا رہا تھا، لاہور کے داخلی راستے پر جب دودھ کی چیکنگ ہوئی تو معلوم پڑا کہ دودھ میں صرف پانی ہی نہیں بلکہ مضر صحت کیمیکلز کی ملاوٹ بھی کی گئی ہے،دودھ کے مضرصحت ثابت ہونے پر اِسے تلف کردیا گیا،دودھ لانے والی چاروں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دودھ کا یہ مکروہ دھندہ کرنے والے دیگر افراد کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ملاوٹی دودھ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، ملاوٹی دودھ کی فروخت کا سدباب کرنے کے لیے پاسچرائزیشن قانون جلد لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔