پاکستان پُرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، امیر العظیم

169

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے حوالے سے رپورٹ خوش آئندامرہے۔ عالمی برادری دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان بنیادی تنازعہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ ہندوستان کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ تشویش ناک ہے۔ بھارتی فوج کی ہٹ دھرمی تمام حدود پار کرچکی ہے۔ مودی اپنے عوام میں جنگی جنون بھڑکا کر الیکشن مہم چلانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی کو ہوا دے کر پاکستان میں انتشار اور فسادات کو پھیلانا چاہتا ہے۔ جب تک بھارت کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیاجائے گا تب تک وہ باز آنے والا نہیں۔آئندہ کسی بھی بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیاجائے تاکہ دشمن میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھ بھی نہ سکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت قومی مفاد کومدنظر رکھتے ہوئے ایسی خارجہ پالیسیاں بنائے جو ملک وقوم کے تحفظ کو یقین بناتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ لوگوں کو بلا جواز اغوا کرکے شہید کردیا جاتا ہے۔ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ اس کی آزادی تک پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پُرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے مگر بدقسمتی سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کو علی الاعلان پروان چڑھا رہا ہے۔ ہم ملک کو درپیش دفاع اور سلامتی کے چیلنجزسے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ امیر العظیم نے مزیدکہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتاہے۔اب وقت آگیا ہے کہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔