نانگا پربت پر لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئیں

361
نانگا پربت دنیا کا 9واں اونچا پہاڑ ہے، جس کی اونچائی 8 ہزار ایک سو 26 میٹرز (26 ہزار 660 فٹ) ہے۔
موت کے پہاڑ نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش میں موت کے منہ میں جانے والے اطالوی کوہ پیما ڈینئل نارڈی اوربرطانوی کوہ پیما ٹام بالارڈ کی لاشوں کا سراغ مل گیا ہے اور ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
دونوں کوہ پیما نانگا پربت کو نئے راستے سے سر کرنے کا مشن لے کر نکلے تھے اور 6300 میٹر بلندی پر واقع کیمپ 4 میں پہنچنے کے بعد چوبیس فروری کو لاپتہ ہوگئے تھے۔
پاکستان میں اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹیکوروو نے واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا پر آگاہ کیا کہ نارڈی اور بالارڈ کی تلاش کا کام اختتام پذیر ہوگیا ہے اور امدادی ٹیموں نے اعلان کیا ہے کہ پانچ ہزار 900 میٹر بلندی پر واقع مومیری پاس میں دکھائی دینے والے آثار نارڈی اور بالارڈ کی لاشیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق لاشیں پہاڑ پر ایسی جگہ ہیں جہاں پہلے کوہ پیمائی کی کوشش نہیں کی گئی اور راستے کے دشواری کی وجہ سے وہاں سے لاشوں کو واپس لانا بھی ناممکن ہے۔
واضح رہے ٹام بلارڈ کو پیما ایلیسن ہارگریوز کے بیٹے ہیں جو آکسیجن کے ذخیرے کے بغیر ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔
ایلیسن کی موت 1995 میں کے-ٹو کو سر کرنے کی کوشش کے دوران ہوئی تھی۔ ٹام بالارڈ کا نانگا پربت کو سر کرنے کا یہ پہلا مشن تھا جبکہ ڈینئل نارڈی کی پانچویں کوشش تھی۔