پاکستان اور بھارت اپنے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کریں،جرمن وزیرخارجہ

286
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے ملاقات کر رہے ہیں۔

جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نےپاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کو ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے زریعے حل کرنے پر زوردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس نےاسلام آباد میں  ملاقات کی جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال،دوطرفہ تعلقات اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد دونوں وزراء خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتہائی ابتر صورتحال ہے، مسئلہ کشمیرکے حل اورکشیدگی میں کمی کے لیےمذاکرات ہونے چاہئیں۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جرمنی افغانستان میں امن مذاکرات کا حامی ہے۔ افغانستان میں امن سے پاکستان اور دیگر ممالک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمن وزیرخارجہ سے مختلف امور پر مفید گفتگو ہوئی ہےاور انہیں  پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے دراندازی اور اس کے نتیجے میں خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلیے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کررہے ہیں اور سیاسی قیادت کی مشاورت سےانتہاپسندی کےخاتمےکیلیےاقدامات کررہےہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کی ضرورت ہے اور جرمن وزیرخارجہ سے بھی ویزہ سہولتوں میں نرمی پر بھی بات ہوئی، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کاخیرمقدم کرتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا اہم کردار ہے، افغان امن مذاکرات پرجرمنی مطمئن ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا۔