ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یوم پاکستان پریڈ کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ ٹویٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے پیغام جاری کیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد یوم پاکستان پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکرحسن عوف اور بحرینی فوج کے کمانڈر جنرل شیر محمد بن عیسیٰ ال خلیفہ بھی مہمانوں میں شامل ہیں۔ سلطنت اف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی بطور مہمان پریڈ میں شریک ہوں گے۔
یوم پاکستان پریڈ میں پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج کے ساتھ ساتھ آذربائیجان ، بحرین ، سعودی عرب اور سری لنکا کے پیراٹروپر حصہ لیں گے اور فری فال جمپنگ کا مظاہرہ کریں گے۔
پریڈ میں پاکستان کے برادر ملک ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔
آذر بائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے بھی مارچ پاسٹ کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک نیا پرومو بھی جاری کیا گیا ہے جس کا دورانیہ 27 سیکنڈ ہے اور اس میں ہر دل کی آواز پاکستان زندہ باد نغمے کے بول اور گزشتہ سالوں میں ہونے والی پریڈ کے مناظر شامل کیے گئے ہیں۔
پریڈ کا سلوگن پاکستان زندہ باد ہو گا۔