پی اسی ایل 4 : محکمہ صحت زائقین کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، ڈاکٹر عمران

274
کراچی: پی ایس ایل 4 کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائم کیے گئے عارضی اسپتال کے انچارج نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے ،آلات اوراسٹاف کا گروپ فوٹو
کراچی: پی ایس ایل 4 کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائم کیے گئے عارضی اسپتال کے انچارج نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے ،آلات اوراسٹاف کا گروپ فوٹو

 

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ چوتھے ایڈیشن کا آغاز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوچکا ہے اور فائنل 17مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے میں جہاں دیگر ادارے اپنے شعبہ جات کی جانب سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہیں سندھ کے محکمہ صحت نے بھی شائقین کرکٹ کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری بخوبی نبھانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی ہے۔ میچوں کے دوران نمائندہ جسارت نے عارضی اسپتال اور موبائل سروس کے انچارج ڈاکٹر عمران سے خصوصی گفتگو کی۔ اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز سمیت ٹیکنیکل اسٹاف بھی موجود تھا۔ ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ حکومت سندھ کی ہدایت پر 2بڑی موبائل سروس گاڑیاں سجاول سے منگوائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ عارضی اسپتال حنیف محمد ہائی پرفارمنس اکیڈمی میں قائم کیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہویے انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ہر انکلوزر میں ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ اب تک جن مریضوں نے عارضی اسپتال کا رخ کیا ہے ان میں عارضہ دل ، بلڈپریشر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا کو فوری طبی امداد دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 20ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل ، ٹیکنیکل اسٹاف ڈائیریکٹر ہیلتھ کی زیر نگرانی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہا ہے۔سہولیات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہویے انہوں نے کہا کہ ای سی جی مشین، ایکسرے مشین، ایمولائزنگ مشین سمیت دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے مختلف جدید آلات بھی عارضی اسپتال اور موبائل سروس میں موجود ہیں۔ مریضوں کی تعداد کے بارے میں جنہوں نے اس سہولت سے استفادہ حاصل کیا ان کا کہنا تھا کہ مختلف اوقات میں پہلے روز 12، دوسرے روز 16اور تیسرے روز 8مختلف امراض کی شکایت کے حامل افراد نے آکر ادویات حاصل کیں اور چیک اپ کرایا۔کسیہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ڈاکٹرز اور اسٹاف مستعد ہے۔ بقیہ 4روز بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے اور ابھی تک کسی قسم کی شکایت سامنے نہیں آئی۔ البتہ ڈاکٹرز اور اسٹاف کو نیشنل اسٹیڈیم میں موجودگی کے دوران مسائل میں سب سے اہم مسئلہ پینے کا پانی تھا جو فراہم نہیں کیا جاسکا اور خود باہر سے پانی لانا منع تھا۔ انہوں نے پی سی بی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ہمیں تمام سہولیات فراہم کریں۔ واضح رہے گزشتہ تیسرے پی ایس ایل ایڈیشن میں بھی محکمہ صحت نے شائقین کرکٹ کے لیے موبائل سروس کے زریعے خدمات پیش کی تھیں جسے بہت سراہا گیا۔