جماعت اسلامی ریاست کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے

122

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ریاست کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، بھارت نے پاکستان پر جارحیت کر کے منہ کی کھائی ہے،جماعت اسلامی وطن عزیزکی سب سے بڑی اور منظم جماعت ہے جو عوام کی خدمت اور تربیت کا اہتمام کررہی ہے،جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم عام افراد کو جماعت اسلامی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش ہے،کارکنان عام افراد تک دعوت پہنچانے کے لیے سارا سال جدوجہدکرتے ہیں اب بالخصوص ماہ مارچ میں رابطہ عوام مہم کے سلسلہ میں پوری پلاننگ کے ساتھ کام کیاجارہاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سمن آباد دفترجماعت اسلامی پی پی 113میں ہونے والے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ضلع میاں اعجاز حسین اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن ، نائب امیر ڈاکٹر محمدانور اور دیگرذمے داران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمے داران ہر سطح پر جماعت کو منظم اور فعال بنائیں تا کہ وطن عزیز کو اسلامی فلاحی ریاست بنایاجاسکے۔ جماعت اسلامی کے کارکن قرآن وسنت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں روزانہ قرآن کا مطالعہ کریں سیرت اصحاب کا مطالعہ کریں اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچائیں آنے والا دور اسلام کا دور ہے مغرب جتنی مرضی رکاوٹیں کھڑی کرے اسلام نے غالب آنا اور یہ غالب ہونے کے لیے ہی آیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وارڈ کی سطح تک تنظیم کو مضبوط کریں ۔
ٹنڈوالٰہیار، ٹریفک حادثے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی
ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) اسٹاپ کے مقام پر تیز رفتار کار اور چنگ چی رکشے میں ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں چنگ چی رکشے میں سوار دو خواتین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال ٹنڈوالہٰیار منتقل کیا گیا، جہاں دو زخمیوں کو نازک حالت میں حیدر آباد منتقل کیا گیا جبکہ حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ پولیس نے مذکورہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
ڈیرہ اسماعیل خان، بجلی کاکنڈالگانے کے تنازع پربھائیوں کا بھائی پر تشدد
ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی)کڑی خیسور کے گاؤں کچہ ملی خیل میں بجلی کاکنڈالگانے کے تنازعہ پرتین بھائیوں نے لاتوں مکوں اورڈنڈوں سے بھائی کوزخمی کردیا‘کڑی خیسورپولیس نے زخمی بھائی کی رپورٹ پرتین بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑی خیسورمیں کچہ ملی خیل کے رہائشی شخص نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ بجلی کاکنڈالگانے کے تنازعہ پرمیرے تین بھائیوں نے مجھے لاتوں مکوں اورڈنڈوں سے زدوکوب کرکے زخمی کردیا۔