ایران کے صدر حسن روحانی گزشتہ رات وطن واپس پہنچ گۓ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اظہار خیال کیا کہ دورہ عراق میں ہونے والے سمجھوتوں سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا.
ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ اعلی عراقی قیادت صدر، وزیراعظم، اسپیکر پارلیمنٹ اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات کے علاوہ اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.
انہوں نے مزید کہا کہ ان ملاقاتوں میں 1975 کے معاہدے کے مطابق سرحدی مسائل پر خصوصی توجہ پر زور دیا گیا، دریائے اروند کی بحالی پر مشترکہ تعاون کے لئے اتفاق کیا گیا جو ایران کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے.
ڈاکٹر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ عراق، دنیا میں ایرانی مصنوعات کی پہلی بڑی منڈی ہے، لہذا دوطرفہ تجارت کی توسیع کے لئے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیرف کے مسائل کو حل کرنے میں موثر اقدامات کئے جائیں گے
یاد رہے کہ ایران کے صدرنے اپنے دورہ عراق کے دوران عراق کی اعلی قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ جید علمائے دین اور قبائلی عمائدین سے بھی ملافاتیں کی.
صدر روحانی نے عراق کے نامور مذہبی رہنما حضرت آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی سے بھی ملاقات کی۔