کالی مرچیں

418

* بھارتی فوج کے طیاروں کو ٹکریں مارنے والے پرندوں کا پتا کرو وہ جیش محمد کے تربیت یافتہ تو نہیں ہیں۔
* بھارت ہو یا کوئی سپر پاور کوئی ہمیں غلام نہیں بنا سکتا۔ عمران خان۔ ہمارے گلے میں پہلے ہی غلامی کے اتنے طوق ہیں کہ کسی نئے طوق کی جگہ نہیں۔
* بھارت میں رافیل طیاروں کے معاہدوں کی خفیہ دستاویز چوری ہوگئیں۔ دستاویز نہ ہوئیں جیب میں رکھا بٹوہ ہوگئیں جو بھیڑ میں کسی جیب کترے کے فن کی نذر ہوگیا۔
* بلاول کی تقریر سنیں تو آج بھی ایسا لگتا ہے بے نظیر بول رہی ہیں۔
* غلط سمت میں نماز پڑھنے پر تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے خلاف قرار داد جمع کرادی۔ تحریک انصاف والوں کی اس غیرت دینی کو دیکھتے ہوئے یقین آگیا وہ پاکستان کو مدینے جیسی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ ویسے قرار داد جمع کرانے کی مشقت میں پڑنے سے یہ بہتر نہ ہوتا کہ نمازیوں کا قبلہ درست کروادیا جاتا یا قومی اسمبلی میں ایک قبلہ نما لٹکانے کا مطالبہ کیا جاتا۔
* ویسے پوچھنا یہ تھا کہ اب تو قومی اسمبلی میں نماز با جماعت بھی ادا کردی گئی تو کیا اب جمہوریت کے ذریعے اسلامی نظام آجائے گا۔
* خزانہ خدا بھرتا ہے۔ ایف بی آر کا ظلم نہیں۔
* پتا کرو ہمارے حکمران جب مدینے جیسی فلاحی ریاست کہتے ہیں تو ان کے ذہن میں کہیں اسکنڈے نیویائی ماڈل تو نہیں۔
* مولویوں نے پارلیمنٹ میں نماز شروع کرادی اس پر اعتراض ہے لیکن اس پر اعتراض نہیں کہ مدینے جیسی ریاست کی دعویدار حکومت نے ملک کے نمائندہ فورم میں نماز کا وقفہ کیوں نہیں کیا؟
* خواتین کا عالمی دن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ خواتین کو بریسٹ کینسر کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔
* جنرل پرویز مشرف، جنرل کیانی، زرداری، نواز شریف، جنرل راحیل شریف، عمران خان اور جنرل باجوہ۔ ان سب میں قدر مشترک بتائیں۔ مدارس سے نفرت، مدارس کے خلاف جنگ۔
* دنیا نصیب سے ملتی ہے اور آخرت محنت سے لیکن ہم اس کے برعکس سمجھتے اور عمل کرتے ہیں۔
* پشاور میٹرو بننے کے بعد پتا چلا کہ پل کی چوڑائی بس کی چوڑائی سے کم ہے۔ اسے کہتے ہیں تعمیراتی وژن۔
* ’’جہاد کرنا صرف حکومت کا کام ہے جہادی جماعتوں کا نہیں‘‘۔ یہ پہلی قسط ہے۔ دوسری قسط میں قرار دیا جائے گا ’’صدقہ، خیرات، زکوۃ وصول کرنا صرف حکومت کا کام ہے۔ دینی مدارس کا نہیں۔ نوٹ: لبرل ایجنڈے کی ترویج کرنے والی این جی اوز کو استثنیٰ حاصل ہے۔
* ہمت ہے انڈین کر کٹرز کی۔ اپنی فوجی کیپ پہن کر میچ کھیل رہے ہیں۔ پچھلے چند دنوں میں دنیا بھر میں جتنا انڈین آرمی رسوا ہوئی ہے انہیں برقع پہن کر میچ کھیلنا چاہیے تھا۔
* عورتوں کی طرح مردوں کا بھی عالمی دن ہونا چاہیے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ مردوں کو یہ دن یاد کون دلائے گا۔
* سنا ہے انڈیا والے Abhi none done پر فلم بنارہے ہیں۔
* اے بھارتی طیاروں سے ٹکرانے والے پرندو۔ تمہیں پاکستان کی ہوائیں سلام کہتی ہیں۔
* بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے کے بارے میں کہا جاسکتا ہے ایک بچے نے سارے بھارت کو ماموں بنادیا۔
* جو جماعتیں اور افراد نیب کے شکنجے میں ہیں بہتر ہے وہ عمران خان کو نوبل پرائزکی مہم میں فواد چودھری سے بڑھ کر جوش وخروش سے حصہ لیں۔
* پارلیمنٹ لاجز میں ارکان اسمبلی کے بچے نشہ کرتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی۔ آج کل کے بچوں کو ذرہ بھی والدین کے حقوق کا خیال نہیں۔ اقبال نے درست ہی کہا تھا ’’نئی تہذیب کے انڈے ہیں گندے‘‘۔
* ’’اگر دوپٹا اتنا پسند ہے تو خود لے لو‘‘۔ مغرب زدہ خواتین کے احتجاج میں ایک بینر کی تحریر۔ یہ خواتین مردوں سے مخاطب ہیں یا اللہ سے۔ پردے کے احکامات تو اللہ کے عطا کردہ ہیں نہ کہ مردوں کے۔
* اگر بزدل حکمرانو کے سر پر سینگ ہوتے تو ہمارے حکمران بارہ سنگھے ہوتے۔
* انڈین پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کے بعد سمجھ میں نہیں آتا ہمارے حکمران باتھ روم میں صابن کس طرح پکڑے رکھتے ہوں گے۔
* گالیاں نہ ہوتیں تو حکمرانو ں کی حرکتوں پر آدھا پاکستان ہائی بلڈ پریشر سے مرجاتا۔
* بیٹا اسلام آباد مت جانا۔ تمہاری صحت تمہاری عمر سے زیادہ ہے۔ نیب والے پکڑ لیں گے۔
* ایک عرب کے دروازے پر دستک ہوئی۔ باہر نکل کر دیکھا تو ایک شخص بڑی لجاجت سے فریاد کررہا تھا ’’میرا ملک دنیا کی چھٹی ایٹمی طاقت ہے، دنیا کی ساتویں طاقتور ترین فوج رکھتا ہے۔ اس کی آبادی بیش تر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ سورہ رحمن میں جن نعمتوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ سب میرے ملک میں موجود ہیں۔ میں اس ملک کا وزیراعظم ہوں۔ مہربانی کرکے مجھے اپنے یہاں ڈرائیور کی نوکری دے دیں‘‘۔
* یہ میرے ملک کا نقشہ نہیں ایک کاسہ ہے
ادھر سے جو گزرتا ہے وہ سکے ڈال جاتا ہے
* جب قرضے بڑھ جائیں، ڈالر بجلی گیس مہنگی ہوجائے تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے۔ عمران خان
* ون وے روڈ بھی وہ دونوں طرف دیکھ کر پار کرتا ہے۔ یہ بات نہیں کہ اس کا دنیا پر سے ایمان اٹھ گیا ہے۔ بات صرف اتنی سی ہے کہ وہ ایک پاکستانی ہے۔
* بھارت پا کستان کے خلاف piece کی بات کرتا ہے۔ ہماری حکو متیں peace کی بات کرتی ہیں۔
* یہ نیا دور ہے، اس دور کا یہ فتویٰ ہے
جو بھی بیدار کرے دار چڑھایا جائے
* کتاب ’’شوہر کو خوش رکھنے کے پچاس طریقے‘‘ میں پہلا طریقہ یہ درج تھا ’’اپنے میکے چلی جائیں‘‘۔
* بھارتی طیارے جس طرح پرندوں سے ٹکرا کر ٹوٹ پھوٹ رہے ہیں ان سے تو ہمارے چنگ چی رکشے مضبوط ہیں۔
* جب سے خبر آئی ہے ابھی نندن بھارت کے سب سے آزمودہ پائلٹ ہیں۔ دل کرتا ہے پاکستانی جانبازوں کو طویل چھٹی پر بھیج دیا جائے۔