سری نگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کیخلاف مظاہرے، بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں مزید ایک کشمیری شہید۔ کشمیری نوجوان کو ضلع کولگام میں بھارتی فوج اور پولیس کے ا سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ضلع میں یاری پورہ کے علاقے کجر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔انتظامیہ نے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ۔دوسری جانب بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے’این آئی اے ‘ کی طرف سے حریت رہنماؤں کو طلب کرنے ، محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کو کالے قانون ’ پبلک سیفٹی ایکٹ ‘ کے تحت حراست میں لینے اور جماعت اسلامی پر پابندی کیخلاف مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں شدید احتجاج۔حریت رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے۔رہنماؤں نیجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں کی جھوٹے مقدمات میں گرفتاری اور ان پر کالا قانون پی ایس اے لاگو کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی اور اخلاقی قدریں پامال کر رہاہے ۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کیخلاف مذموم بھارتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔