سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری فوجی طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کیلیے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے ‘ کی طرف سے میر واعظ عمر فاروق اور اپنے فرزند سید نسیم گیلانی کو جھوٹے مقدمات میں پوچھ گچھ کے لیے دوبارہ نئی دہلی طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں اپنی فورسز اور ایجنسیوں کے ذریعے آزادی پسند کشمیریوں کو ہراساں کر کے یہاں سیاسی غیر یقینی کا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں رات کے وقت چھاپوں کے دوران 14بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری، جمعیت اہلحدیث کے نائب صدر مشتاق احمد ویزی اورجماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں سمیت کئی افراد پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر نے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمان دہشت گردی کا شکا ر ہیں اور ان کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔