مساجد میں دہشتگردی کی وجہ بزدل مسلم حکمران ہیں،ڈاکٹرطارق سلیم

289

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کوکسی بیرونی احتجاجی تحریک کی ضرورت نہیں اس کی کارکردگی اوروزراء کی نادانیاں ہی اسے زمین بوس کرنے کیلیے کافی ہیں لیکن ہماری خواہش ہے کہ نیاپاکستان بنانے والے اپنے پانچ سال پورے کریں تاکہ عوام سمیت انھیں مسنداقتدارپربٹھانے والے ان کی تمام ترصلاحیتوں سے واقفیت حاصل کرلیں اس سے قبل نوازشریف کووزارت عظمیٰ سے ہٹا کرمظلوم بنادیا گیا جس سے انھیں نئی توانائی حاصل ہوئی ہم نہیں چاہیں گے کہ موجودہ حکمرانوں کوایسا کوئی چانس ملے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی پی پی 13کے زیراہتمام چکلالہ میں منعقدہ تحفظ پاکستان ورکرزکنونشن اورمیڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیرضلع راجا محمدجواد،جنرل سیکرٹری امجدحسین شاہ ،گروپ لیڈرپی پی 13وچیئرمین یونین کونسل رحمت آباد محمدتاج عباسی،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم ،ملک محمدالیاس،اسلم عباسی ودیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ کنونشن میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صدرالخدمت فاؤنڈیشن ضلع راولپنڈی ڈاکٹرآصف نواز ،میجر(ر)محمدمنیراعظم ،پروفیسرفیض رسول ودیگرذمے داران سمیت بڑی تعداد میں ورکرزاورعوام نے شرکت کی ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ نیوزی لینڈمیں ہونے والی دہشتگردی مسلمان حکمرانوں کی بے بسی اورلاچارگی کی وجہ سے ہوئی انھو ں نے غلامی چھوڑ کرمشترکہ حکمت عملی نہ اپنا ئی تودجالی طاغوت ہردن زک پہنچاتا رہے گا ۔اسلام پرامن مذہب ہے، مغرب دہشتگردی کوپروان چڑھانے میں اہم کرادراداکررہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے یکم مارچ سے 31مارچ تک رابطہ عوام مہم کا آغازکررکھا ہے اس سلسلے میں ہمارے کارکنان اورذمے داران گھروں میں دستک دے کراپنی دعوت پہنچا رہے ہیں ہماری تمام ترجدوجہد اللہ کی رضا اوراسلامی نظریے کے نام پر وجود میں آنے والے مملکت خدادادپاکستان میں اسلامی نظام کا قیام اوراسے اسلامی ،فلاحی اورخوشحال پاکستان بنانا ہے ،رابطہ عوام مہم کے نتیجے میں ہمارے کارکنان اورذمے داران انتہائی پرعزم ہیں گھروں پرعوام نے ان کا خوش دلی سے خیرمقدم کیا ہے اوروہ جماعت اسلامی کی ممبرشپ کے ساتھ ہمیں اس مہم کیلیے مالی وسائل بھی فراہم کررہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ہمارے کارکنان وذمے داران مختلف اوقات میں وفاقی وصوبائی وزراء ،مئیر،ممبران اسمبلی سمیت مختلف حکومتی عہدوں پررہے لیکن جماعت اسلامی کی 70برس کی تاریخ میں آج تک کسی ایک فر دکے دامن پربھی کرپشن ، بدعنوانی کا داغ نہیں لگا ،سینیٹرسراج الحق خیبرپختونخوا میں سینئروزیراورصوبائی وزیرخزانہ رہے جب اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوئے توپشاورکی سب سے بڑی مسجد مہابت خان میں کھڑے ہوکرخودکواحتساب کیلیے پیش کیا اورکہاکہ وزارت کے دوران اگرمیرے دامن پرکوئی دا غ لگاہوتواس کی نشاندہی کی جائے اوروہاں لوگوں کی چیخیں نکل گئیں اورکہاکہ آ پ نے عمرابن خطا بؓ کی سنت کوزندہ کیا ہے لیکن ہم گواہی دیتے ہیں آ پ کے دامن پرکوئی داغ نہیں ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملک کے مسائل کا حل دیانت داراوراہلیت رکھنے والی قیادت کے پاس ہے اورایسی شفاف اوربے داغ قیادت صرف جماعت اسلامی کے پا س ہے ۔عوام ہمارا ساتھ دے تاکہ کرپٹ جاگیرداروں اورظالم سرمایہ داروں کے چنگل سے آزادی حاصل ہوسکے۔