یورپ میں مسلمانوں کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں ہیں،راناعدنان خان

112

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان اورضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرسے اہل کتاب ونگ کے رہنماؤں کی پاسٹرسلامت مسیح اورپاسٹررزاق مسیح کی قیادت میں وفد کی ملاقات ، نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کے نتیجے میں پچاس سے زائد مسلمانوں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار،وفد میں عمرحیات مسیح ،چاند مسیح ، عرفان مسیح اورمسیحی برادری کے دیگررہنمابھی موجود تھے ۔ وفد کے اراکین سے گفتگوکرتے ہوئے جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان نے کہاکہ اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ یورپ میں مسلمانوں کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں ہیں، دہشت گردوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ نیوزی لینڈ کی مسجد میں نہتے نمازیوں پر دہشت گردی کے واقعہ پر عالم اسلام غم میں ڈوبا ہوا ہے اس سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ ہمیں دہشتگردی کا الزام دیا جاتا رہاہے حالانکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہماری مساجد اور عبادت گاہیں محفوظ نہیں، دہشتگردی کو اسلام سے منسلک کرنے والے اپنے رویے پر غور کریں ۔ پاسٹرسلامت مسیح اوررزاق مسیح نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور دنیا میں دہشتگردی سے مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں چاہے وہ اسرائیل کی فلسطینیوں کیخلاف ہو یا بھارت میں کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کیخلاف ہو یا پھر افغانستان اور عراق میں امریکی دہشتگردی ہو، دنیا کو اب دہشتگردی کو مذہب اور رنگ ونسل سے الگ کرکے دیکھنا ہوگا۔انہوں نے اس المناک حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔