افغان وزارت دفاع کی جانب سے اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ افغان طالبان نے 58 افغان فوجیوں کو اغوا کر لیا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق طالبان اور افغان فوجیوں کے درمیان شمال مغربی صوبہ بادغیس میں کئی روز سے جاری لڑائی کے بعد طالبان نے 58 سرحدی محافظوں کو اغوا کر لیا ہے ۔ دیگر 58 سرحدی محافظ جنھوں نے ترکمانستان میں پناہ لی تھی وہ واپس اپنے گھروں کو آ گئے ہیں ۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی بازیابی تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ شمال مغربی افغان صوبے بادغیس میں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان دو ہفتوں سے زائد سے مسلح جھڑپیں جاری ہیں جس میں درجنوں افغان فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور کئی اہم سکیورٹی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہوچکا ہے ۔
اتوار کے روز طالبان ذرائع کی جانب سے سوشل میڈیا پر 72 اغوا شدہ افغان فوجیوں کی تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔ طالبان کا دعوی تھا کہ ان فوجیوں نے بالامرغاب میں لڑائی کے دوران ہتھیار ڈال کر خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا تھا۔