عمران خان کا شہید نعیم راشد کی اہلیہ کو خراج تحسین، بہادری اور صبر کو سراہا۔

485
شہید نعیم کی اہلیہ کا بیان اللہ اور رسول پر پختہ یقین کی قوت کا عکاس ہے: وزیراعظم

اسلام امن اور محبت کا مذہب ہے

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے پاکستانی نعیم راشد کی اہلیہ کی بہادری اور صبر کو سراہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے شہید نعیم راشد کی اہلیہ کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا اور لکھا کہ نعیم راشد شہید کی اہلیہ کے الفاظ سے عالم اسلام اور غیر اسلامی دنیا سب پر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان کی حقیقی قوت کا راز کھل جانا چاہیے۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1108260001758568453
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ان الفاظ سے یہ عقدہ بھی کھل جانا چاہئے کہ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان انسانوں کی کایا پلٹتے ہوئے کیسے انہیں تقویت بخشتا اور محبت آشنا کرتا ہے کہ وہ خود سے اپنے پیاروں کو چھین لینے والے سفاک قاتل و دہشتگرد کے بارے میں بھی دل میں رحم سنبھال رکھتے ہیں۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1108260106683203584
شہید نعیم راشد کی اہلیہ امبرین نے نیوزی لینڈ ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسلام امن اور محبت کا مذہب ہے۔ قاتل کے دل میں نفرت تھی اور نفرت خوشی نہیں دے سکتی ہمارے دلوں میں محبت ہے جو ہمیں خوشی دیتی ہے۔ امبرین نعیم نے کہا میرے شوہر نے جمعے کے روز مسجد میں موجود اپنے ساتھیوں کو بچاتے ہوئے بہادری سے اپنی جان دے دی کیونکہ وہ انسانیت پر یقین رکھتے تھے۔ نعیم نے جو کیا وہ اسلام کی عین تعلیمات ہیں کیونکہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم کی قربانی نے مجھے مزید مضبوط کیا ہے۔
انٹرویو کے دوران امبرین نعیم کے صبر ، حوصلے اور ایمان افروز گفتگو نے نیوزی لینڈ کے ٹی وی اینکرز کو بھی متاثر کیا اور وہ ان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔