زیارت میں فائرنگ سے 6 لیویز اہلکار شہید

421

بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں نے لیویز اہلکاروں کی چوکی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چوکی پر موجود تمام 6 اہلکار شہید ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر زیارت قادربخش پرکانی نے بتایا کہ آج صبح زیارت کے علاقے سنجاوی میں مسلح دہشت گردوں نے لیویز کی چوکی پر حملہ کیا ، حملے کے نتیجے میں تمام لیویز اہلکار شہید ہوگئے جبکہ مسلح دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں سنجاوی کے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔شہید ہونے والے اہلکاروں میں مہتاب الدین ، سپاہی عبدالحکیم ، سپاہی فقیر محمد ، سپاہی محمد عثمان ، سپاہی عبدالشکور اور سپاہی داد محمد شامل ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جائے واردات پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے لیے جام شہادت نوش کیا۔ دہشت گرد اس طرح کی کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔