نیب کے نوٹس کی وجہ سے سندھ اسمبلی کو یرغمال بنالیاگیا،اپوزیشن 

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ پی پی کے اراکین اسمبلی کو جاری ہونے والے نیب نوٹس کی وجہ سے سندھ اسمبلی کو یرغمال بنا لیا گیا ہے‘ جمہور کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ دنیا بھر میں پی اے سی اپوزیشن کو دی جاتی ہے‘ مرتضیٰ وہاب 5 ہزار ارب روپے کا حساب دیں‘ جیل جانے کے خوف سے زرداری کے پاؤں کانپ رہے ہیں‘ سندھ اسمبلی کسی کی زر خرید اور مال غنیمت نہیں۔ پیر کو اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب جھوٹ پر جھوٹ بولتے جا رہے ہیں‘ وہ پچھلے10سال کا حساب دیں۔ اس موقع پر ایم کیوایم رہنما کنور نوید، محمد حسین، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان و دیگر بھی شریک تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے سانحہ نیوزی لینڈ کے تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی روایت کے خلاف اپوزیشن ہمیشہ ساتھ کھڑی ہوگی‘ اسمبلی کسی کی زرخرید اور مال غنیمت نہیں ہے‘ عوام کے ساتھ ظلم چوروں کو بچانے کے لیے ہو رہا ہے‘ زرداری اینڈ کمپنی اسلام آباد میں کیس منتقل ہونے پر ڈر رہے ہیں ان کے پاؤں کانپ رہے ہیں کہ کہی جیل نہ ہوجائے‘ چوری کے الزام میں جیل جانا شرم کی بات ہے لیکن زرداری صاحب کہتے ہیں کہ جیل ہمارا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوروں کو پکڑ نیکی مہم چلائیں گے‘ ہم ایک شیڈو کمیٹی تشکیل دیں گے جو وہی کام کرے گی جو پبلک اکاونٹ کمیٹی کررہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ نے کہا کہ اسمبلی کے اندر ہماری آواز دبا دی جاتی ہے‘ دوسری جانب پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے ‘ 5 ہزار ارب روپے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے سندھ حکومت کو ملے ہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون وہاب مرتضیٰ اس کا جواب دیں‘ سندھ اسمبلی کے پی پی اراکین چوروں اور ڈاکوؤں کی ڈھال بنے ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم رہنما کنور نوید کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے افسران پر کرپشن کے جو کیس بنے ہیں وہ دنیا میں ایک مثال ہے‘ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پیپلز پارٹی کی کرپشن نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کو نگل جائے گی۔ جے ڈی اے کے رہنما حسنین مرزا نے کہا کہ اسمبلی کا سالانہ بجٹ 73 کروڑ ہے ‘ نیب کے نوٹس کی وجہ سے اسمبلی کے تمام ممبران کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے‘ پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں جو مانگ ہے‘ ہماری بھی ان سے وہی مانگ ہے۔ محمد حسین ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اسمبلی واحدذریعہ ہے جہاں عوام کے مسائل کے لیے آواز اٹھا سکتے ہیں‘ گزشتہ 6 سال میں درجنوں قرارداد منظور ہوئیں لیکن مسائل حل نہ ہوسکے ۔