بھارت نے دریاؤں پر ڈیم بنا کر پاکستان کا پانی روک رکھا ہے، کاشف عباس

134

حیدر آباد (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی عالمی یوم پانی کے موقع پرآگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریبات میں ضلع تھر پارکر، حیدر آباد، میرپور خاص، جھڈو، ڈگری، کندھکوٹ، سانگڑھ، ٹنڈو جام، عمرکوٹ، نوابشاہ، سکرنڈ، سکھر، ڈہرکی، ٹنڈو محمد خان و دیگر اضلاع کے صدور اور سندھ ریجن کے ڈپٹی منیجر صاف پانی کاشف عباس ملک نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی دریاؤں پر بڑی تعداد میں ڈیم بنا کر پانی روک لیا ہے، دوسری جانب پاکستان میں مناسب ڈیمز نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی سیلاب کی صورت میں نقصان پہنچاکر ضائع ہوجاتا ہے۔ زمین پر پانی کے ذخائر بھی محدود ہورہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کے صنعتی، زراعت اور گھریلو استعمال کے لیے ایسا نظام متعارف کروایا جائے کہ یہ ضائع نہ ہو۔ پانی کا دانشمندانہ استعمال اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ’’پانی بچائیں ملک بچائیں‘‘ ہمارا نعرہ ہونا چاہیے۔ نبی کریمؐ کا فرمان ہے کہ ’’اگر آپ ندی کے کنارے پر بھی بیٹھے ہوں تو پھر بھی پانی ضائع کرنے سے گریز کریں‘‘ مقررین نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فراہمی آب کی سب سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے والی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ تھر پارکر سمیت سندھ بھر میں پانی کے منصوبوں سے روز لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ پانی کے عالمی دن پر واک اور سیمینار کا مقصد لوگوں میں پانی کی بچت، صاف اور آلودہ پانی کے استعمال کے فائدے اور نقصان سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ صحت مند زندگی کے لیے صاف پانی کا استعما ل ضروری ہے۔ الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹ عوام کو معیاری اور سستا پانی فراہم کررہے ہیں۔