ملک پرمسلط کرپٹ وسیکولر حکمرانوں نے عوام کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا

471

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولاناجاویدقصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ستر سال گزر جانے کے باوجود ایک دن کیلیے بھی ملک میں اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا،ستر سال سے ملک پرمسلط کرپٹ وسیکولر حکمرانوں نے عوام کو کرپشن، مہنگائی،بیرونی قرضے اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو ترقی کی طرف گامزن اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،عوام بلدیات سمیت آئندہ انتخابات میں اہل ودیانتدار لوگوں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں تاکہ ان کی دنیا وآخرت کی کامیابی کے ساتھ ملک ترقی اور نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارکی جامع مسجدمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی امیر انجینئرعظیم رندھاوا،جنرل سیکرٹری پروفیسرملک معراج الدین اوردیگرذمے داران بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی انقلاب اور جدوجہد کا نام ہے وہ کسی وڈیرے وجاگیر دار کے بجائے صرف اللہ کے حضور سجدہ ریزی کرتی ہے، ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی اختیار کرنے کی دعوت اور جدوجہد کررہے ہیں ۔ سرمایہ دار اوران کے نمائندے منتخب ہونے کے بعد مسائل حل کرنا تو اپنی جگہ پر پانچ سال تک خیرخبر نہیں لیتے۔جماعت اسلامی حسب حال غریب عوام کی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ اپنا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔
لاہور،واپڈاٹاؤن‘16سالہ نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی
لاہور(این این آئی) واپڈاٹاؤن کے علاقہ میں 16سالہ نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی ۔پولیس کے مطابق 16سالہ محمد معاویہ ساتوی جماعت کا طالب علم تھااور تعلیم کی غرض سے لاہور میں اپنے چچا کے پاس رہتا تھا۔ خودکشی کی جگہ سے ایک صفحہ ملا ہے جس پر سوری فور محمد معاویہ لکھا ہے۔