سرینگر (آن لائن+ اے پی پی+ صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے کیمپ میں زوردار دھماکے میں ایک سپاہی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کے جنگلوٹ آرمی کیمپ میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے سپاہی کی شناخت 35 سالہ لائس نائیک دیپنک توانگ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بری طرح جھلس جانے والے سپاہی کو آرمی اسپتال بھیج دیا گیا ۔کشمیر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔ادھرمقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف علاقوں سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ایک درجن سے زاید نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جمعہ کوبھارت کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی کے بعد بارہمولہ ، گاندربل اور جنوبی اضلاع میں چھاپوں کے دوران پولیس نے بشیر احمد بویا اور عبدالرشید مغلو سمیت پارٹی کے نصف درجن رہنماؤں کو گرفتار کیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں چھاپوں کے دوران 7 نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔ بھارتی پولیس نے پاکستان سے واپس آنے والے دونوجوانوں کوبھی گرفتار کیا ہے۔ میرواعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت پسند رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ان پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ اور انہیں کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔علاوہ ازیں چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی طرف سے کارکنان اور نوجوانوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن اور انہیں گرفتار کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اصولی طور جموں کشمیر میں اپنی جنگ ہار چکا ہے ۔