بین الاقوامی مرکز اورچائنیز یونیورسٹی اسپتال کے درمیان معاہدہ ،

662

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورچین کی ساوتھ ویسٹ میڈیکل یونیورسٹی کے اسپتال کے درمیان بدھ کو ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روائیتی ادویات کے شعبے کو نہ صرف فروغ دینا ہے بلکہ متعلقہ شُعبے میں تحقیقی و تعلیمی تعاون کو مذید فروغ دینا ہے۔ 

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور چینی ہم منصب پروفیسر ڈاکٹر ینگ سیجن نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔ 

تقریب میں چینی ماہرین سمیت بین الاقوامی مرکز کے دیگرآفیشل بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ان دنوں چین کا ایک اعلیٰ سات رکنی وفد پروفیسر ڈاکٹر ینگ سیجن کی قیادت میں بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے دورے پر ہے، اس وفد میں محترمہ چن منگلی، محترمہ لی سولین، ڈاکٹر شی ہویین، ڈاکٹر وینگ قیونگ، محترمہ لویو زیوٹنگ اور لی بینگ شامل ہیں۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائے گا تاکہ ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں، دونوں تعلیمی و تحقیقی ادارے ہر سال متعلقہ موضوعات پر مشترکہ ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد بھی کرینگے، اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے ۔

اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ بین الاقوامی باہمی تحقیقی تعاون سے دونوں ادارے روائیتی ادویات کے شعبے میں پیش رفت کرنے کے لیے یکساں مقاصد رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی پاکستان کا ممتاز تحقیقی ادارہ ہے جو متعلقہ شعبہ جات میں ریسرچ اور ڈیولپمنٹ میں سرگرم ہے، بین الاقوامی سطح پراس کا شماردنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے جہاں دنیا بھر سے سائنسدان سائنسی و تحقیقی تربیت کے لئے پاکستان آتے ہیں،

اس میں ڈاکٹر پنجوانی سینٹرفار مالیکیولر میڈیسن ا ینڈ ڈرگ ریسرچ ( پی سی ایم ڈی)، ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اور لطیف ابراہیم جمال (ایل ای جے) نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر جیسے معروف ادارے بھی شامل ہیں جبکہ مزید دس عمارتیں بھی ہیں جہاں جدید تجربہ گاہیں سرگرم ہیں ان تحقیقی اداروں کا حصہ ہیں۔ 

پروفیسر ڈاکٹر ینگ سیجن نے کہا ان کا ادارہ1983میں قائم ہوا تھا، دنیا کے اس بہترین مرکز میں روائیتی اور مغربی ادویات کے میدان میں کام کیا جاتا ہے۔